رسائی کے لنکس

وکی لیکس کے انکشافات سے پاک امریکہ تعلقات متاثر نہیں ہوں گے: منٹر


وکی لیکس کے انکشافات سے پاک امریکہ تعلقات متاثر نہیں ہوں گے: منٹر
وکی لیکس کے انکشافات سے پاک امریکہ تعلقات متاثر نہیں ہوں گے: منٹر

امریکی سفیر کمیرون منٹر نے کہا کہ پاک امریکہ مظبوط تعلقات کا ثبوت سیلاب زدگان کے لیے امریکی امدادی کارروائیاں اور مالی امداد ہے جبکہ پاکستان میں معاشی ترقی کے لیے بھی اُن کا ملک اپنی امداد جاری رکھے گا۔

سیلا ب سے متاثرہ علاقوں میں تباہ شدہ پلوں کی بحالی میں مدد کےسلسلے میں امریکہ نے پہلے سے تیار شدہ آٹھ پل حکومت پاکستان کو تحفے کے طور پر دیے ہیں جس کے لیے ایک خصوصی تقریب بدھ کو امریکی سفارت خانے میں منعقد کی گئی ۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں امریکی سفیر کمیرون منٹر نے کہا کہ پاک امریکہ مظبوط تعلقات کا ثبوت سیلاب زدگان کے لیے امریکی امدادی کارروائیاں اور مالی امداد ہے جبکہ پاکستان میں معاشی ترقی کے لیے بھی اُن کا ملک اپنی امداد جاری رکھے گا۔

انھوں نے کہا کہ وکی لیکس کی طرف سے تازہ انکشافات سے دو طرفہ تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور دونوں ملک اس قابل افسوس پیش رفت اور ماضی کی اونچ نیچ کونظر انداز کرتے ہوئے تعلقات کو مظبوط کرنےکا عزم کیے ہوئے ہیں۔

امریکی سفیر نے وکی لیکس کے انکشافات پر مزید تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے مختصراً یہ کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان جاری تعاون ہی دوطرفہ تعلقات کا اصل عکاس اور بنیاد ہے۔

کیمرون منٹر نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ افغانستان سے امریکی فوج کی واپسی کی حکمت عملی میں پاکستان کواعتماد میں نہیں لیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا پاکستان پورے خطے میں امن اور استحکام کے قیام میں ایک قوت کی حیثیت رکھتا ہے اور امریکہ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ افغانستان کا پڑوسی ہونے کی حیثیت سے پاکستان کی آواز کو سنا جائے اور اس کے مثبت کردار کی حمایت کی جائے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے این ڈی ایم اے کے سربراہ ندیم احمد نے سیلاب سے نمٹنے میں امریکی حکومت کی مدد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ امریکہ کی طرف سے پاکستان کو کل بیس تیار شدہ پل فراہم کیے گئے ہیں جو صوبہ خیبر پختون خواہ کے ان علاقوں میں نصب کیے جائیں گے جو سیلا ب کی نذر ہو گئے تھے۔

ندیم احمد کا کہنا تھا کہ امریکہ کی طرف سے ان پلوں کی فراہمی نہایت اہم ہے کیونکہ رابطوں کو بحال کیے بغیر متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو اور بحالی کے مرحلے کو آگے بڑھانا ممکن نہیں تھا۔ انھوں نے بتایا کہ امریکہ نے پاکستان کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے تقریباً ستاون کروڑ ڈالر کی امداد فراہم کی ہے جبکہ نو کروڑ ڈالر سے زائد کی فوجی امداد اس کے علاوہ ہے۔ این ڈی ایم کے سربراہ نے بتایا کہ

پاکستان کو درکار تقریباً 1.9 ارب ڈالر میں سے عالمی برادری کی طرف سے اب تک ستاون فیصد امداد مل چکی ہے اور توقع ہے کہ باقی کی رقم بھی جلد موصول ہو جائے گی۔

XS
SM
MD
LG