امریکہ میں حال ہی میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک خاتون کو ایک برس سے زیادہ عرصے تک ٹی بی کا علاج نہ کرانے پر حراست میں لیا گیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ ریاست واشنگٹن کی ایک خاتون نے ایک سال سے زائد عرصے تک تپ دق کا علاج کرانے کے عدالتی حکم سے انکار کیا تھا جنہیں یکم جون کو حراست میں لے لیا گیا۔
حکام کا مزید کہنا تھا کہ خاتون کی گرفتاری سول وارنٹ جاری کیے جانے کے تین ماہ سے زائد عرصے بعد عمل میں آئی۔
امریکی اخبار 'نیویارک ٹائمز' کے مطابق ٹکوما پیئرس کاؤنٹی کے ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ خاتون کو پیئرس کاؤنٹی جیل لے جایا گیا ہے جہاں انہیں ایک ایسے کمرے میں رکھا جائے گا جہاں آئسولیشن، ٹیسٹنگ اور علاج کی خصوصی سہولت موجودہے۔
بیان میں امید ظاہر کی گئی ہےے کہ خاتون اپنی زندگی بچانے والے علاج کا انتخاب کرے گی جس کی انہیں ضرورت ہے۔
پیئرس کاؤنٹی کے ترجمان نے کہا کہ یہ کوئی کرمنل مقدمہ نہیں ہے ۔ شیرف کے دفتر کا کردار محض خاتون کو حراست میں لے کر علاج کے لیے لے جانے تک محدود تھا۔
امریکہ کے صحت عامہ کے نگراں ادارے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن کے مطابق گزشتہ سال 2022 میں امریکہ میں تپ دق کے آٹھ ہزار تین سو کے قریب کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔