امریکہ کی خواتین کی فٹبال ٹیم نے کینیڈا میں جاری فیفا کے ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جرمنی کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر فائنل میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔
عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر امریکی ٹیم نے جرمن ٹیم کو کوبیک کے شہر مونٹریال کے اولمپک سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے دوسرے ہاف میں کیے جانے والے دو گولز سے شکست دی۔
کارلی لوئڈ نے 69 وین منٹ پر اس وقت ایک پنلٹی کک حاصل کر کے گول کیا جب ریفری نے فیصلہ دیا کہ جرمنی کی اینیکے کراہن نے الیکس مورگن کا راستہ روکا تھا۔
پچاسیویں منٹ میں کیلی اوہارہ نے کارلی لوئڈ سے گینڈ لینے کے بعد جرمن گول کیپر ناڈین اینگرر سے بچتے ہوئے قریب سے ایک گول کیا۔
جرمنی کے پاس پہلے ہاف میں گول کرنے کا موقع تھا مگر اس کی کھلاڑی سیلیا ساسک 59وین منٹ میں ایک پنلٹی کک پر گول نہ کر سکی۔
امریکہ کے صدر نے ٹویٹر کے ذریعے امریکی ٹیم کی سیمی فائنل میں فتح پر ایک پیغام میں کہا کہ ’’یوایس ویمنز نیشنل ٹیم کو مبارک۔ فائنل کا بے چینی سے انتظار ہے۔ آپ نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا۔‘‘
ویمنز ورلڈ کپ کا فائنل اتوار کو وینکوور میں کھیلا جائے گا۔ امریکہ اس سے پہلے 1991 اور 1999 میں ویمنز ورلڈ کپ جیت چکا ہے۔
دوسرا سیمی فائنل البرٹا کے شہر ایڈمونٹن میں جاپان اور برطانیہ کے درمیان بدھ کو کھیلا جائے گا۔