جنوبی افریقہ کے سابق صدر اور نسل پرستی کے خلاف بے مثال جدوجہد کرنے والے نیلسن مینڈیلا سے منسوب اقوام متحدہ کا عالمی یوم مینڈیلا جمعہ کو منایا جا رہا ہے۔
اقوام متحدہ کی طرف سے 2009ء میں نیلسن مینڈیلا کے یوم پیدائش کو 'یوم مینڈیلا ' کے طور پر منانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
دنیا بھر میں لاکھوں افراد نیلسن مینڈیلا کی 67 سال تک نسل پرستی کے خلاف جاری رہنے والی جدوجہد کے لیے 67 منٹ تک رضاکارانہ کام کر کے اس دن کو منائیں گے۔
جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ مینڈیلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اپنے قرب و جوار کی صفائی کریں۔ انھوں نے کہا کہ وہ اپنے" خوبصورت ملک کی تعمیر" کے لیے مل جل کر کام کریں اور بقول ان کے یہی نیلسن مینڈیلا نے ہمیں سکھایا تھا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے رواں ہفتے کے اوائل میں کہا تھا کہ یوم مینڈیلا "عمل کے لیے گامزن ہونے" کا پیغام دیتا ہے۔
نیلسن مینڈیلا جنوبی افریقہ کی نسل پرستی کے خلاف جدوجہد کرنے پر 27 سال تک جیل میں قید رہے اور 1990ء میں رہا ہونے کے بعد جنوبی افریقہ کے پہلے کثیر نسلی جمہوری انتخابات میں ان کو ملک کا صدر منتخب کیا گیا۔