رسائی کے لنکس

عالمی کپ: پاکستان بھارت کواب تک شکست نہیں دے سکا


عالمی کپ: پاکستان بھارت کواب تک شکست نہیں دے سکا
عالمی کپ: پاکستان بھارت کواب تک شکست نہیں دے سکا

عالمی کپ کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان ٹیم اب تک بھارت کو شکست نہیں دے سکی ۔ اس سے قبل دونوں روایتی حریف ایک کوارٹر فائنل سمیت چار مرتبہ آمنے سامنے آئے تاہم ہر بار قسمت کی دیوی بھارت پر ہی مہربان دکھائی دی اور یوں بھارتی ٹیم کو پاکستان پر نفسیاتی برتری حاصل ہے تاہم پاکستانی قائد شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ ماضی اور آج کی پاکستانی ٹیم میں بہت فرق ہے ۔

ورلڈ کپ 1992ء

اگرچہ پاکستان نے 1992 کا عالمی کپ اپنے نام کیا تاہم اس کے حصول لئے پاکستان کو 4 مارچ 1999ء کو سڈنی میں راؤنڈ میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہونا پڑا ۔ بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 49 اوورز میں 7 وکٹوں پر 216 رنز بنائے ۔ جواب میں پاکستانی بیٹنگ لائن 48 اعشاریہ ایک اوورز میں 173 رنز ہی بنا سکی اور یوں 43 رنز سے فتح بھارت کے حصے میں آئی ۔

ورلڈ کپ 1996ء

چار سال بعد 1996ءکے ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پاکستان ایک مرتبہ پھر بھارت کے مقابل آیا ۔ بنگلور کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں بھارت نے ایک بار پھر ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 8 وکٹوں کے نقصان پر 287 رنز بنائے ۔ جواب میں پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز بنا سکی اور یوں ایک مرتبہ پھر 39 رنز سے فتح بھارت کے ہی کھاتے میں آئی ۔

ورلڈ کپ 1999ء

1999ءکے عالمی کپ میں پاکستانی ٹیم فائنل میں ضرور پہنچی تاہم سپر سیکس کےمرحلے میں اسے بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ مانچسٹر میں بھارت نے ایک مرتبہ پھر ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 228 رنز کا ہدف دیا تاہم پاکستانی ٹیم 45 اوورز کی تیسری بال پر 180 رنز بنا کر ہمت ہار بیٹھی اور47رنز کی فتح بھارتی ٹیم کی جھولی میں ڈال دی ۔

ورلڈ کپ 2003ء

2003 کے عالمی کپ کے ابتدائی مرحلے میں جنوبی افریقہ کے سپر اسپورٹس پارک سنچورین میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف اتریں۔ اس مرتبہ ٹاس پاکستان نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 273 رنز بنائے تاہم بھارتی ٹیم نے 45 ویں اوورمیں یہ ہدف عبور کر کے نہ صرف عالمی کپ میں پاکستان سے ناقابل شکست رہنے کا اعزازبرقرار رکھا بلکہ گرین شرٹس کو پہلےمرحلے میں ہی ورلڈ کپ کے حصول سے دستبردار ہونے پر مجبور بھی کیا۔

اس طرح پاکستان پر بھارت کو عالمی کپ میں اب تک ناقابل شکست ہونے کی وجہ سے نفسیاتی برتری حاصل ہے اور کئی ناقدین کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کے لیے ،بھارت کے خلاف عالمی کپ کا پریشربرداشت کرنا دشوار ہوگا اس کا فائدہ بدھ کے روز موہالی کے سیمی فائنل میں بھارت کو پہنچ سکتا ہے۔ تاہم پاکستان ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی اس تاثر کو غلط قرار دیتے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ ان پر کوئی دباؤ نہیں ہے اور ان کی ٹیم موہالی کے گراؤنڈ پر بھارتی ٹیم کے خلاف کا بھرپور مقابلہ کے لیے بالکل تیار ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آج پاکستان کی ٹیم گزشتہ ادوار سے بہت مختلف ہے اور وہ بے چینی سے بھارت کا ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ توڑنے کا انتظار کر رہے ہیں ۔

XS
SM
MD
LG