رسائی کے لنکس

ورلڈ کپ سیمی فائنل: سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا


میچ جیتنے کے بعد نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل اور مچل سانٹنر انگلینڈ کے کھلاڑیوں سے ہاتھ ملاتے ہوئے۔
میچ جیتنے کے بعد نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل اور مچل سانٹنر انگلینڈ کے کھلاڑیوں سے ہاتھ ملاتے ہوئے۔

ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی کے پہلے سیمی فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے ڈیرل مچل کی دھواں دھار اننگ کی بدولت انگلینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

کھیل کے آخری تین اووروں میں ڈیرل مچلز اور جیمز نیشم نے انگلینڈ کے منہ سے فتح چھین لی اور گراونڈ کے چاروں اور خوب چھکے چوکے لگائے۔

نیشم نے تین چھکوں کی مدد سے گیارہ گیندوں پر ایسے وقت میں چھبیس رنز بنائے جب مطلوبہ رن ریٹ پندرہ رنز فی اوور کے قریب پہنچ چکا تھا۔ اننگ بنا کر اور ایک اینڈ سے روک کر کھیلنے والے ڈیرل مچل نے 48 گیندوں پر 73 رنز بنائے اور ناٹ آوٹ رہے۔

ان کی اننگ میں چار چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔

مچل کو اس شاندار بلے بازی پر مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔

انگلینڈ کے لیے جارڈن سے کرایا گیا سترہواں اوور بہت مہنگا ثابت ہوا جس میں انہوں نے پچیس رنز دیے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم نے آخری اٹھارہ گیندوں پر 56 رنز بنائے اور میچ جیت لیا جبکہ چھ گیندیں باقی تھیں۔

انگلینڈ کی جانب سے ووکس، لیونگسٹن نے دو دو جبکہ عادل رشید نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 167 رنز کے تعاقب میں شروع ہی میں بڑے نقصانات کا سامنا کرنا پڑا جب اس کے دو تجربہ کار اور قابل بھروسہ بلے باز مارٹن گپٹل اور کپتان ولیمسن یکے بعد دیگرے کرس ووک کا شکار ہو گئے اور ٹیم کا اسکور ابھی محض 13 رنز تھا۔

اس موقع پر وکٹ کیپرکوون کانوے اور ڈیری مچل نے سنبھل کر کھیلنا شروع کیا اور پاور پلے یعنی پہلے چھ اووروں میں سکور کو 36 رنز تک پہنچا نے بعد ٹیم کے مجموعی اسکور کو 95 تک لے جانے میں کامیاب ہوئے۔ اس اسکور پر ڈیون کانوے اڑتیس گیندوں پر 46 رنز بنا کر لیونگسٹن کی گیند پر بٹلر کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ ان کے بعد بلے بازی کے لے آنے والے گلین فلپس بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور دو رنز بنا کر باونڈری پر کیچ آوٹ ہو گئے۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

انگلینڈ کی جانب سے معین علی نے 37 گیندوں پر 51 رنز بنائے جس میں تین چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔

ڈیوڈ ملان نے 30 گیندوں پر 41 رنز اور جوس بٹلر نے 24 گیندوں پر 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے چار اوورز میں 24 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ ٹرینٹ بولٹ نے چار اوورز میں 40 رنز دیے، ایڈم ملن نے چار اوورز میں 31 رنز، ایش سودھی نے چار اوورز میں 32 رنز دیے۔

سپر 12 مرحلے کے بعد پاکستان، آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں نے سیمی فائنل کے لیے کوالی فائی کیا تھا۔

نیوزی لینڈ نے سپر 12 مرحلے میں بھارت، افغانستان، نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ کو شکست دی تھی جب کہ پاکستان کے ہاتھوں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

انگلینڈ کی ٹیم نے آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیموں کو شکست دی تھی جب کہ اسے آخری پول میچ میں جنوبی افریقہ نے شکست دی تھی۔

  • 16x9 Image

    اسد حسن

    اسد حسن دو دہائیوں سے ریڈیو براڈ کاسٹنگ اور صحافتی شعبے سے منسلک ہیں۔ وہ وی او اے اردو کے لئے واشنگٹن ڈی سی میں ڈیجیٹل کانٹینٹ ایڈیٹر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG