رسائی کے لنکس

انگلینڈ اور نیوزی لینڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل مقابلے کے لیے تیار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیمیں 2019 کے عالمی مقابلے کے بعد ایک مرتبہ پھر مدِ مقابل آنے کے لیے تیار ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل بدھ کو ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

انگلش ٹیم سپر 12 مرحلے میں ابتدائی طور پر ناقابلِ شکست رہی لیکن اسے پانچویں میچ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ کیویز ٹیم نے پاکستان کے علاوہ اپنے پول میں شامل تمام ٹیموں کو شکست دی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں کامیابی کا تناسب دیکھا جائے تو انگلینڈ کو نیوزی لینڈ پر سبقت حاصل ہے۔ دونوں ٹیمیں اب تک ٹی ٹوئنٹی میچز میں 21 مرتبہ آمنے سامنے آئی ہیں جس میں انگلینڈ کو 13 میچز میں کامیابی ملی۔

متحدہ عرب امارات میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز سے قبل وارم اپ میچز میں بھی دونوں ٹیمیں مدِ مقابل آئی تھیں جس میں انگلینڈ نے کیویز کو شکست دی تھی۔

البتہ بدھ کو کھیلے جانے والے میچ سے قبل انگلش ٹیم کو ایک دھچکا لگا ہے۔ انگلش ٹیم کے اوپننگ بلے باز جیسن رائے سیمی فائنل میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں انجری کا شکار ہوئے تھے۔

جیسن رائے کی جگہ جیمس ونس کو انگلش اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ وہ کیویز ٹیم کے خلاف انتہائی اہم مقابلے میں پلئینگ الیون کا حصہ ہوں گے یا نہیں۔

دونوں ٹیموں کے پاس بہترین فاسٹ اور اسپن بالنگ کا کمبی نیشن موجود ہے۔ انگلش کپتان این مورگن بالنگ کے شعبے میں کرس جارڈن، مارک ووڈ، عادل رشید اور معین علی پر انحصار کریں گے۔

اوپننگ اور مڈل آرڈر میں بھی انگلش ٹیم کے پاس نامی گرامی بلے باز ہیں۔ جوس بٹلر فارم میں ہیں جو اپنے جارحانہ آغاز سے پہلی وکٹ پر ٹیم کا اچھا اسٹارٹ دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

دوسری جانب کیویز الیون میں کسی بھی تبدیلی کا امکان نہیں اور انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں کپتان کین ولیمسن فاتح ٹیم کو ہی کھلا سکتے ہیں۔

کیویز ٹیم کے پاس بھی مارٹن گپٹل اور ڈیرن مچل کی صورت میں تیز آغاز فراہم کرنے والے اوپننگ بلے باز ہیں۔ تجربہ کار اور دھیمے مزاج کے کپتان کین ولیمسن طویل اننگز کھیلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں جب کہ مڈل آرڈر میں ڈیون کانوے بھی مخالف ٹیم کو تنگ کر سکتے ہیں۔

ماضی کے مقابلے ایک طرف بدھ کو سیمی فائنل میں کامیاب ہونے والی ​ٹیم 14 نومبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ایونٹ کا فائنل کھیلے گی اور اس کا مقابلہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ کی فاتح ٹیم سے ہو گا۔

کیویز اسکواڈ: نیوزی لینڈ کا 15 رکنی اسکواڈ کپتان کین ولیمسن، مارٹن گپٹل، ڈیون کانوے، ڈیرل میچل، گلین فلپ، ٹوڈ اسٹل، مچل سینٹنر، لوکی فرگوسن، ٹرینٹ بولٹ، ٹم ساؤتھی، جمی نیشام، ایش سودھی، کیل جیمیسن، مارک چیپمین اور ٹم سیفرٹ پر مشتمل ہے۔

انگلینڈ اسکواڈ: انگلینڈ کے اسکواڈ میں کپتان این مورگن، جوس بٹلر، معین علی، ڈیوڈ ملان، سیم بلنگس، جونی برسٹو، ٹام کران، لیام لونگسٹن، کرس جورڈن، کرس ووکس، مارک ووڈ، ڈیوڈ ولے، جیمس ونس، عادل رشید، ریسی ٹولپ شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG