امریکی ناظم الامور کیرن ڈیکر افغان امور سے متعلق پاکستان کے دورے پر
امریکی ناظم الامور کیرن ڈیکر پاکستان میں مقیم افغان اور پاکستانی حکام سے بات چیت کے لیے پاکستان کے دورے پر ہیں۔
انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ وہ اس ہفتے اسلام آباد میں حالات سے آگاہی کے لیے دورہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لگ بھگ 30 سال بعد ، جو ایک طویل عرصہ ہے ،پاکستان واپس آنا اچھا ہے۔ میں اس ہفتے اسلام آباد کا دورہ کروں گا اور پاکستان میں افغان پناہ گزینوں کی صورت حال کے بارے میں مزید جاننے اور افغان باشندوں اور افغانستان کی حمایت کے لیے یہاں کام کرنے والے لوگوں اور گروپوں سے ملنے کی منتظر ہوں ۔
نیپال میں 6 اعشاریہ 6 شدت کا زلزلہ، کم از کم چھ افراد ہلاک
حکام نے بتایا ہے کہ بدھ کی صبح نیپال میں 6.6 کی شدت کا زلزلہ آیا، جس سے کم از کم چھ افراد ہلاک ہو گئے۔ دوٹی کے مغربی علاقے میں آنے والے زلزلےنے متعدد مکانات کوتباہ اور بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کو ہلا کر رکھ دیا۔
دوٹی میں پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ بھولا بھٹہ نے بتایا کہ آٹھ مکانات گرنے سے پانچ دیگر افراد شدید زخمی ہوئے۔
وزارت داخلہ کے اہلکار تلسی رجال کی طرف سے بتائے گئے پہلے اعداد و شمار کی تصدیق کرتے ہوئے۔ پولیس نے بتایا کہ زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ای ایم ایس سی نے مزید کہا کہ زلزلے کا مرکز پڑوسی ہندوستانی ریاست اتر پردیش کے شہر پیلی بھیت کے شمال مشرق میں تقریباً 158 کلومیٹر (100 میل) شمال مشرق میں تھا اور یہ 10 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔
زلزلے کے بعد میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ نئی دہلی اور ڈوٹی سے 350 کلومیٹر دور تک واقع علاقوں میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے ۔
آئی ایم ایف بنگلہ دیش کو ساڑھے چار ارب ڈالر قرض دے گا
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے بنگلہ دیش کے ساتھ ایک ابتدائی معاہدہ کر لیا ہے جس کے تحت یوکرین میں جنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والی موسمی رکاوٹوں اور آب و ہوا کی تبدیلیوں کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ملک کو 4 اعشاریہ پانچ ارب ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔
ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق بدھ کو طے پانے والا یہ معاہدہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے مشروط ہے، جو آنے والے ہفتوں میں متوقع ہے۔ بنگلہ دیش نے اس قرض کی کوشش اس لیے کی کہ اس کے غیر ملکی کرنسی کے ذخائر کمزور ہوتی کرنسی اور درآمدات کے بڑھتے ہوئے اخراجات کی وجہ سے کم ہو گئے ہیں۔
آئی ایم ایف نے ایک بیان میں کہا کہ اس رقم کا مقصد معیشت کا استحکام ، کمزور لوگوں کی حفاظت اور مضبوط، جامع اور پائیدار ترقی کے لیے اسٹرکچرل تبدیلی کرنا ہے ۔
افغانستان کو انسانی ہمدردی کی چار کروڑ ڈالر کی امداد مل گئی
افغانستان کے مرکزی بنک کے حکام نے بتایا ہے کہ انسانی امداد سے متعلق 4 کروڑ ڈالر نقد رقم کا ایک اور پیکج منگل کے روز کابل پہنچا جسے افغانستان کے کمرشل بینکوں میں سے ایک کو پہنچا دیا گیا ہے ۔
بیرون ملک مقیم افغان تجزیہ کاروں سمیت بہت سے افغان افراد کا خیال ہے کہ یہ رقم امریکہ نے طالبان حکومت کو بھیجی ہے۔ لیکن طالبان کی وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ یہ رقم افغانستان میں امریکی ایجنسیوں کی ہے اور ان کا استعمال افغانستان میں انسانی ہمدردی کی تجاویز پر ہوتا ہے۔
وزارت خزانہ کے ترجمان احمد ولی حقمل نے وی او اے کو بتایا کہ ان رقوم کے اخراجات میں طالبان حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے اور نقد رقم افغانستان میں اقوام متحدہ کی ایجنسیاں براہ راست خرچ کرتی ہیں۔
دوسری جانب افغانستان کے لیے ریڈکراس کی انٹر نیشنل کمیٹی کے نمائندے ایلائی فلین نے ٹوئٹر پر کہا ہے کہ افغانستان میں ہر روز ان افغان باشندوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جو خوراک کے لیے جدو جہد کررہے ہیں اور انہوں نے کہا ہے کہ انہیں فکر ہے موسم سرما کی آمد سے افغانستان میں صورت حال مزید خراب ہو جائے گی اس لیے مزید بین الاقوامی امداد کی سخت ضرورت ہے ۔