آب و ہوا تبدیلی کانفرنس: امریکی سفیر جان کیری کی اعلیٰ چینی عہدے دار سے ملاقا ت متوقع
آب وہوا سے متعلق امریکہ کے سفیر جان کیری نے منگل کو کہا ہے کہ وہ مصر میں جاری آب و ہوا سے متعلق اقوام متحدہ کے سالانہ مذاکرات میں اپنے چینی ہم منصب سے ملاقات کریں گے۔
یہ دنیا میں آلودگی پھیلانے میں سر فہرست دو ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہتری کی تازہ ترین علامت ہے۔
کیری نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ وہ جلد کسی وقت چین کے آب و ہوا کے اعلی ترین عہدیدار سے ملاقات کریں گے لیکن انہوں نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
چین کے صدر شی جن پنگ ایک روز قبل ہی امریکہ کے ساتھ آب و ہوا کی تبدیلی پر بات چیت دوبارہ شروع کرنے پرآمادگی ظاہرکی تھی ۔
ژی نے ان رابطوں کو تین ماہ قبل ایوان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے تائیوان کے دورے کے رد عمل میں روک دیا تھا۔
یورپی یونین نے ایران پر نئی پابندیاں لگا دیں، روس کے خلاف نئی پابندیوں پر غور
یورپی یونین نے پیر کو ایران پر حکومت مخالف مظاہرین کے خلاف پکڑ دھکر کی وجہ سے نئی پابندیاں عائد کیں اور رکن ملکوں میں 15,000 یوکرینی فوجیوں کی تربیت کا مشن شروع کیا۔
یورپی یونین ماسکو کے خلاف جلد عائد کی جانے والے پابندیوں کےنویں پیکیج پر گفتگو کر رہی ہے ۔
وہ پولینڈ ، اسپین اور فرانس سمیت متعدد رکن ملکوں میں ہزاروں یوکرینی فوجیوں کی تربیت شروع کرے گی ۔
پیر کو برسلز میں یورپی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں 29 ایرانیوں پر سفری پابندیاں اور اثاثے منجمد کر دیے گئے، جن میں پاسداران انقلاب کے اعلیٰ سطح کے عہدے دار اور وزیر داخلہ احمد واحدی بھی شامل ہیں۔
چار ایرانی تنظیموں کو بھی ہدف بنایا گیا ہے، جب کہ یورپی یونین نے تہران کی جانب سے ایک زبردست احتجاجی تحریک کے خلاف پکڑ دھکڑ پر اپنا ردعمل سخت کر دیا ہے جو ستمبر میں ایرانی پولیس کی حراست میں ایک نوجوان خاتون کی ہلاکت کے بعد شروع ہوئی تھی۔
پیر کے روز ایران نے مظاہرین میں سے ایک کےخلاف اپنی پہلی سزائے موت جاری کی۔
انڈونیشیا میں گروپ جی۔20 کانفرنس، یوکرین جنگ پر ارکان میں اختلاف
دنیا کی سب سے بڑی معیشتوں کے گروپ 20 کے رہنماؤں نے منگل کو انڈونیشیا کے جزیرے بالی پر بات چیت کا آغاز کیا۔گروپ کے ارکان کے درمیان یوکرین میں جنگ کی وجہ سے اختلافات موجود ہیں۔
امریکی انتظامیہ کے ایک سینئر اہلکار نے منگل کی صبح صحافیوں کو ایک بریفنگ میں کہا کہ رہنما ایک بیان جاری کرنے والے ہیں جس میں بیشتر اراکین یوکرین کے خلاف روس کی جنگ کی شدید مذمت کریں گے۔
اہل کار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ میرے خیال میں آپ جی۔20 کے زیادہ تر اراکین کو یہ واضح کرتے ہوئے دیکھیں گے کہ وہ یوکرین میں روس کی جنگ کی مذمت کریں گے اور وہ یوکرین میں روس کی جنگ کو دنیا میں بے پناہ معاشی اور انسانی مصائب کی جڑ سمجھتے ہیں۔
اہل کار نے بتایا کہ اس ہفتے کے آخر میں سربراہی اجلاس کے اختتام پر جاری ہونے والا بیان، یہ ظاہر کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہ گروپ روس کو الگ تھلگ کر رہا ہے، جو جی۔20 کا رکن ہے۔ لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ کتنے ملک اس بیان پر دستخط کریں گے۔
جی 20 کے میزبان انڈو نیشیا کے صدر جوکو ودودو نے بند دروازے کے پیچھےرہنماؤں کے درمیان ہونے والے مذاکرت سے قبل افتتاحی تبصروں میں رکن ملکوں پر زور دیا کہ وہ یوکرین پر روس کے حملے پر اپنے اختلافات کی بنا پر اتحاد اور اقتصادی بحالی کے اپنے ایجنڈے کو متاثر نہ ہونے دیں ۔
افغانستان: ملا ہبت اللہ کا ججوں کو حدود اور قصاص کے نفاذ کا حکم
طالبان کےلیڈر ملا ہبت اللہ اخوندزادہ نے افغان ججوں سے ایک ملاقات میں کہا ہے کہ وہ ان تمام مقدمات پر کارروائی کریں جن پر حدود اور قصاص کی تمام شرائط پوری ہوتی ہیں ۔
طالبان کے ترجمان کے مطابق انہوں نے کہا کہ آپ حدود اور قصاص کو نافذ کرنے کے ذمہ دار ہیں۔
اخوندزادہ نے مزید کہا، ’کیونکہ یہ شریعت کا حکم ہے اور یہ میرا بھی حکم ہے، اور یہ ایک ذمے داری ہے‘۔