روسی میزائل پولینڈ میں گرنے سے دو افراد ہلاک
امریکہ کی انٹیلی جنس کے ایک سینئر عہدے دار نے کہا ہے کہ روس کی جانب سے فائر کیے جانے والے میزائل نیٹو کے رکن ملک پولینڈ میں گرے جس سے دو افراد ہلاک ہو گئے۔ اے پی کے مطابق اور شخص نے یہ تصدیق کی ہے کہ بظاہر روسی میزائل پولینڈ کی سرحد کے 15 میل اندر گرے۔
نیشنل سیکیورٹی نے ٹوئٹر پر کہا ہے کہ ایجنسی نے پولینڈ سے آنے والی رپورٹس دیکھی ہیں اور ایجنسی زیادہ معلومات اکھٹی کرنے کے لیے پولینڈ کی حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔
یوکرین کے متعدد شہروں پر روسی فضائی حملے، رہائشی عمارتیں شعلوں کی لپیٹ میں آ گئیں
یہ فضائی حملے روسی فوجوں کے یوکرین کے جنوبی شہر کھیرسن سے انخلا کے چار روز بعد ہوئے ہیں۔ کھیر سن واحد علاقائی صدر مقام تھا جس پر روس نے اس جنگ میں قبضہ کیا تھا۔
یوکر ینی حکام نے کہا ہے کہ ملک بھر کے شہروں پر روسی فضائی حملے ہوئے ہیں، جن میں دارالحکومت، کیف بھی شامل ہیں جہاں رہائشی عمارتیں شعلوں کی لپیٹ میں آ گئیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یوکرین کے کم از کم 10 علاقے اور شہر میزائل حملوں کا نشانہ بنے ہیں۔
یوکرین کے ایک بجلی گھر پر میزائل گرنے سے ایک بڑا علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا۔
دریں اثنا، یوکرین کی پولیس اور اقوام متحدہ کے تفتیش کاروں نے کہا ہے کہ وہ کلیدی جنوبی شہر پر آٹھ ماہ کے قبضے کے دوران کھیرسن میں مبینہ روسی زیادتیوں کا جائزہ لے رہے ہیں جہاں تشدد کے مقامات جبری گمشدگیوں اور حراستوں کےبارے میں بھی شواہد اکھٹے کیے جائیں گے ۔
منگل کے روز یوکرین میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کے مانیٹرنگ مشن کے سربراہ نے شہر میں سنگین انسانی صورتحال" کی مذمت کی۔ماٹیلڈا بوگنر نے کہا کہ ان کی ٹیمیں جبری گمشدگیوں اور عارضی حراستوں کے تقریباً 80 واقعات کے الزامات کی تصدیق کے لئے کھیرسن کے دورے کی کوشش کر رہی ہیں ۔
امریکی بحریہ نےایران سے یمن بھیجا جانے والا 70 ٹن میزائل ایندھن پکڑ لیا
امریکی بحریہ نے منگل کو کہا کہ اسے ایران سے یمن جانے والے بحری جہاز پر کھاد کے تھیلوں میں چھپا ہوا 70 ٹن میزائل کا ایندھن کا حصہ ملا ہے، جو اس ملک کی برسوں سے جاری جنگ میں جنگ بندی کے ٹوٹنے کے بعد اس طرح کا پہلا واقعہ ہے۔
بحریہ نے کہا کہ دریافت ہونے والی امونیم پرکلوریٹ کی مقدار ایک درجن سے زیادہ درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کو ایندھن دے سکتی ہے۔
یہ وہی ہتھیار ہیں جو یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے ملک کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت اور ان کی حمایت کرنے والے سعودی زیرقیادت اتحاد کی ا افواج کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیے ہیں۔
5ویں فلیٹ کے ترجمان کمانڈر ٹموتھی ہاکنز نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ ا س قسم کی کھیپ اور دھماکہ خیز مواد کی صرف بڑی مقدار ہی ایک سنگین تشویش کا باعث ہے کیونکہ یہ عدم استحکام کا سبب بن سکتی ہے۔
پانچ ایئر لائنز کرونا وائرس کے دوران سفر میں خلل پر 60 کروڑ ڈالر ادا کریں گی
امریکی وفاقی حکام نے پیر کو بتایا کہ فرنٹیئر ایئر لائنز اور چار غیر ملکی ائیر لائنز ان مسافروں کو 60 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی رقم کی واپسی پر متفق ہو گئی ہیں جن کے فضائی سفر کرونا وائرس کے آغاز کے بعد سے منسوخ یا نمایاں طور پر تاخیر کا شکار ہوئے تھے۔
یو ایس ڈپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹیشن نے کہا کہ اس نے انہی ایئرلائنز پر 70 لاکھ ڈالر سے زیادہ کا جرمانہ بھی کیا کیونکہ انہوں نے رقم کی واپسی میں اتنی زیادہ تاخیر کی جو صارفین کے تحفظ کے قوانین کی خلاف ورزی تھی۔