میانمار کا چار غیر ملکیوں سمیت 6 ہزار قیدی رہا کرنے کا اعلان
میانمار کی فوجی کنٹرول کی حکومت نے جمعرات کو اعلان کیا کہ وہ چار غیر ملکیوں سمیت تقریباً 6000 قیدیوں کو رہا کر رہی ہے۔
سرکاری میڈیا نے رپورٹ دی کہ اس گروپ میں آسٹریلوی شان ٹرنل، جاپان کے تورو کوبوتا ، برطانوی وکی بومن اور امریکی کیو ہٹے او شامل ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ چاروں کو عام معافی دی گئی اور ملک چھوڑنے کے لیے کہا گیا۔
رہا ہونے والوں میں معزول رہنما آنگ سان سوچی کے قریبی ساتھی کیو ٹنٹ سو بھی شامل ہیں ۔
میانمار کے قومی دن کے موقع پر 5,774 قیدیوں کو رہا کیا جا رہا ہے۔
ٹک ٹاک سے امریکہ کی قومی سلامتی کے خدشات منسلک ہیں: ایف بی آئی
ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کرسٹوفر رے نے منگل کے روز کہا کہ بیورو کو ’ٹک ٹاک‘ کے بارے میں قومی سلامتی کے خدشات ہیں جب کہ چینی ملکیتی کمپنی ملک میں کام جاری رکھنے کے لیے امریکی حکومت کی منظوری چاہتی ہے۔
وطن کو درپیش عالمی خطرات پر امریکی ایوان نمائندگان کی ہوم لینڈ سیکیورٹی کمیٹی کی سماعت کے دوران بات کرتے ہوئے رے نے کہا کہ’ ٹک ٹاک‘ کے بارے میں ایف بی آئی کے خدشات میں یہ امکان شامل ہے کہ چینی حکومت لاکھوں صارفین کے بارے میں ڈیٹا اکٹھا کرنے پر قابو پانے کے لیے اسے استعمال کر سکتی ہے۔
ایک تحریری گواہی میں، ایف بی آئی کے ڈائریکٹر نے چین کی طرف سے غیر ملکی انٹیلی جنس اور اقتصادی خطرے کو امریکی قوم کے نظریات، اختراعات اور اقتصادی سلامتی کے لیے سب سے بڑا طویل مدتی خطرہ قرار دیا۔
لیکن انہوں نے کھلے اجلاس میں ایک قانون ساز کے اس سوال کا جواب دینے سے انکار کر دیا کہ آیا چینی حکومت امریکی شہریوں کے بارے میں ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لیے’ ٹک ٹاک‘ کا فائدہ اٹھا رہی ہے۔
بنکاک میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن کانفرنس کا انعقاد
امریکہ اس ہفتے ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن یعنی’ اے پی ای سی‘ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے والے ملکوں کے ساتھ تجارتی تعلقات کے فروغ کی توقع کر رہا ہے، جہاں عالمی تجارت کے تقریباً نصف کی نمائندگی کرنے والی 21 معیشتیں تجارت کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کریں گی۔
یہ پہلا موقع ہے جب حکام کرونا وائرس کی عالمی وبا کے بعد ذاتی طور پر شرکت کر رہے ہیں۔
عہدے داروں نے کہا ہے کہ اس سربراہی اجلاس کا مقصد تجارت اور سرمایہ کاری کا فروغ ، پینڈیمک کے بعدسرحدپار سفر کی بحالی اور ایک بزنس ٹریول کارڈ کو متعارف کرانا ہے تاکہ اہل کاروباری مسافر شرکت کرنے والے ملکوں میں90 دن تک ٹھہر سکیں ۔
تھائی حکام نئے ماحولیاتی اہداف کے ایک پیکیج کو بھی فروغ دے رہے ہیں جسے بائیو سرکلر گرین اکانومی کہا جاتا ہے اور جس کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ وہ کچرے کو کم کرنے ، ماحولیاتی نظام کی بحالی اور وسائل کے تحفظ کے لیے سائنس اور ٹیکنالوجی کو استعمال کرتا ہے ۔
’پولینڈ پر گرنے والا میزائل ممکنہ طور پر یوکرین سے آیا تھا‘
پولینڈ کا کہنا ہے کہ ایسی قطعِی کوئی علامت موجود نہیں ہے کہ پولینڈ کے کھیت میں گرنے والا ایک میزائل جس میں دو افراد ہلاک ہوئے، جان بوجھ کر کیا گیا کوئی حملہ تھا۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ یہ امکان نہیں کہ روس نے میزائل فائر کیا ہو۔
نیٹو کے سربراہ نے بھی ایسا ہی بیان دیا ہے۔
پولینڈ کے صدر نے بدھ کو کہا کہ پڑوسی یوکرین نے ممکنہ طور پر سوویت دور کے پروجیکٹائل کو لانچ کیا کیونکہ وہ اس روسی فضائی حملے کو روک رہا تھا جس نے اس کے پاور گرڈ کو تباہ کر دیا تھا۔
یہ میزائل پولینڈ میں منگل کو اس وقت گرا، جب روس یوکرین کے پاور گرڈ کو میزائلوں اور پھٹنے والے ڈرونز سے تباہ کر رہا تھا ۔
پولینڈ نے کہا ہے کہ وہ میزائل روسی ساختہ تھا۔
ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق تین امریکی حکام نے کہا کہ ابتدائی جائزوں سے معلوم ہوتا ہے کہ اسے یوکرین کی افواج نے آنے والے روسی میزائل پر فائر کیا تھا۔