عراق : گیس لیک کے دھماکے میں پانچ افراد ہلاک 40 سے زیادہ زخمی
عراق میں منگل کو علی الصبح ایک گیس دھماکے کے بعد لاپتا ہونے والے افراد کی تلاش کی کوششیں جاری ہیں ۔
اس دھماکے میں ملک کے کرد علاقے کے اندر دوہوک میں طلباء کے ایک ہاؤسنگ بلاک میں ہونے والے اس دھماکے سے کم ازکم پانچ افراد ہلاک اور 40 سے زیادہ زخمی ہوئے۔
دوہوک سول ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ کے ایک اہل کار نے ابتدائی طور پر ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں سول ڈیفنس کا ایک کپتان اور ایک فائر فائٹر بھی شامل ہے۔
عمارت میں واقع ایک بیکری کی دکان میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی۔
ایران: حکومت مظاہرین پر سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ، پانچ افراد ہلاک
I
ایران میں انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ ایرانی سیکیورٹی فورسز نے ملک کے مغرب میں ایک کرد قصبے میں مظاہرین کے خلاف گولیوں کا بے دریغ استعمال کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پیر کو حکومت مخالف مظاہرے کے دوران کم از کم پانچ افراد مارے گئے ۔ یہ مظاہرہ گزشتہ روز ہلاک ہونے والے دو افراد کے جنازے کے موقع پر ہوا۔
آن لائن ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ درجنوں مظاہرین گلیوں میں پناہ لے رہے ہیں کیونکہ سڑکوں پر گولیوں کی آواز گونج رہی ہے۔
کچھ لوگوں کو فرش پر بےحس و حرکت اور خون میں لت پت پڑے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ دیگر لو گ خون دینے کے لیے مقامی اسپتال میں جمع ہیں۔
دارالحکومت تہران میں ستمبر میں ملک کی اخلاقی پولیس کی حراست میں ہلاک ہونے والی22 سالہ کرد خاتون مہسا امینی کی ہلاکت کے بعد سے ایران میں حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں۔
روس نے یوکرین جنگ کے 270 دنوں میں 4700 میزائل حملے کیے: زیلنسکی
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روس نے جنگ کے آغاز سے اب تک یوکرین میں 4,700 سے زیادہ میزائل داغے ہیں۔
امریکی ٹیلی ویژن سی این این کی رپورٹ کے مطابق زیلنسکی نے کہا ہے کہ مکمل پیمانے پر جنگ کو 270 روز ہو گئے ہیں اور روس نے اس عرصے میں 4,700 سے زیادہ میزائل استعمال کیے۔
انہوں نے یہ اعداد و شمار لا فرانکوفونی نامی ایک بین الاقوامی تنظیم کے اراکین سے خطاب کے دوران پیش کیے۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق زیلنسکی نے اپنے رات کے خطاب میں کہا کہ اتوار کو مشرقی یوکرین میں گولہ باری کے تقریباً چار سو حملے ریکارڈ کیے گئے ۔
سرد موسم کے آغاز کے باوجود وہاں شدید لڑائی جاری ہے۔
برلن نے اعلان کیا ہے کہ وہ یوکرینی پناہ گزینوں کے لیے سابق ٹیرجل ہوائی اڈے پر دس ہزار اضافی بستر وں کا بندوبست کر رہا ہے ۔
نشریاتی ادارے ڈوئچے ویلے کے مطابق دو سال قبل بند ہونے والے اس ہوائی اڈے میں یوکرینی پناہ گزینوں کے لیے ایک استقبالیہ مرکز قائم ہے۔جرمن ریڈ کراس سے تعلق رکھنے والے ڈٹلف کوجڈ زنسکی نے ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ صورت حال مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنگامی حل کے طور پر سال کے آخر تک ہینگروں اور خیموں میں دس ہزار اضافی بستر شامل کیے جائیں گے۔
برلن جرمنی کے ان شہروں میں شامل ہے جہاں سب سے زیادہ یوکرینی مہاجرین آئے ہیں۔ایک اندازے کے مطابق اس وقت وہاں85 ہزار افراد کا اندراج ہو چکا ہے ۔
ترکی کے شام اور عراق میں کردستان ورکرز پارٹی اور وائی پی جی کے ٹھکانوں پر حملے
ترکی کی وزارت دفاع نے اتوار کو کہا کہ اس نے شام اور عراق کے شمالی علاقوں پر فضائی حملے شروع کیے ہیں جہاں وزارت ان کرد گروپوں کو نشانہ بنا رہی ہے جو اس کے خیال میں استنبول میں گزشتہ ہفتے ہونے والے حملے کے ذمہ دار ہیں۔
وزارت نے کہا کہ کردستان ورکرز پارٹی یا پی کے کے اور سیرین پیپلز پروٹیکشن یونٹس یا وائی پی جی کے ٹھکانے ان حملوں کا ہدف تھے ۔
وسطی استنبول میں گزشتہ ہفتے ہونے والے ایک بم دھماکے میں چھ افراد ہلاک اور 80 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
ترکی ’ ’کے پی پیاور وائی پی جی کو اس حملے کا ذمہ دار ٹھہراتا ہے۔ تاہم دونوں گروپوں نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔
دہشت گرد گروپ اسلامک اسٹیٹ کے خلاف جنگ میں واشنگٹن وائی پی جی ‘ کی حمایت کرتا ہے۔