حنا ربانی کھر کی قیادت میں پاکستانی وفد کا کابل کا دورہ
کابل سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پاکستان کی امور خارجہ کے لیے وزیر مملکت حنا ربانی کھر کی قیادت میں ایک پاکستانی وفد 29 نومبر کو کابل کا دورہ کرنے والا ہے۔
پاکستانی سفارتی ذرائع کے مطابق اعلیٰ سطحی وفد میں خصوصی نمائندہ سفیر محمد صادق اور دیگر وزارتوں بالخصوص خزانہ کے حکام شامل ہیں۔
پاکستانی وفد کی افغان وزیراعظم حسن اخوند سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔
حنا ربانی کھر نے دورہ افغانستان کے پیش نظر گزشتہ ہفتے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی تھی۔
وزیر خزانہ نے انہیں دو طرفہ تجارت اور دیگر شعبوں میں افغانستان کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے جامع،موثر اور نتیجہ خیز منصوبہ بندی کے بارے میں آگاہ کیا۔
طالبان خواتین اور مردوں کو سرعام کوڑے مارنے کی سزا فوری روکیں: ایمنسٹی انٹرنیشنل
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ طالبان کی سرعام کوڑے مارنے والے سخت گیر طریقوں کی طرف واپسی کو فوری طور پر روکنے کی ضرورت ہے۔
افغانستان کے صوبہ لوگر میں چوری اور اخلاقی جرائم کے الزام میں طالبان کی ایک عدالت کے حکم پر بدھ کے روز تین خواتین اور گیارہ مردوں کو سرعام کوڑے مارے جانے پر ردعمل دیتے ہوئے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جنوبی ایشیا کی مہم کی منتظم سمیرا حمیدی نے کہا کہ خواتین اور مردوں کو سرعام کوڑے مارنا طالبان کے سخت گیر طرز عمل کی طرف ایک ظالمانہ اور چونکا دینے والی واپسی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بین الاقوامی قانون کے تحت تشدد اور دیگر ناروا سلوک کی مکمل ممانعت کی خلاف ورزی ہے جسے کسی بھی حالت میں نہیں کیا جانا چاہیے۔
روسی تیل کی قیمت کی حد مقرر کرنے کا عمل جاری ہے: صدر بائیڈن
امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعرات کے روز کہا کہ گروپ آف سیون ممالک (جی 7) کی اسکیم کے تحت تجویز کیے جانے والے روسی تیل کی قیمت کی حد کا تعین کرنے کاعمل جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے اس معاملے پر وزیر خزانہ جینٹ ییلن سے بات کی ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کی اطلاع کے مطابق صدر بائیڈن نے اس بارے میں تھینکس گیونگ کی چھٹیوں کے دوران نانٹکیٹ جزیرے پر ایک فائر اسٹیشن کے دورے کے دوران صحافیوں کو بتایا۔
یورپی یونین کی حکومتیں روسی سمندر سے حاصل ہونے والے تیل کی قیمتوں کو محدود کرنے کے لیے کسی معاہدے تک پہنچنے میں ناکامی کے بعد دوبارہ مذاکرات شروع کرنے والی تھیں۔
بائیڈن انتظامیہ قیمت کی حد کے تعین کو روس کے لیے تیل کی آمدنی کو کم کرنے کے ایک اقدام کے طور پر دیکھتی ہے جو یوکرین کے خلاف اس کی جنگ کے لیے مالی اعانت کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔
امریکہ سمیت جی سیون ممالک ، یورپی یونین اور آسٹریلیا پانچ دسمبر کو روسی تیل کی سمندری برآمدات پر قیمت کی حد لاگو کرنے کے لیے تیار ہیں۔
طالبان خواتین کے خلاف تشدد روکنے اور حقوق کی فوری فراہمی کے اقدامات کریں: اقوام متحدہ
اقوام متحدہ نے افغانستان میں حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بامعنی اور پائیدار امن کے قیام کی کوششوں کے ایک اہم حصے کے طور پر خواتین کے خلاف تشدد اور خواتین کے حقوق کو پہنچنے والے نقصان کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کریں۔
یہ مطالبہ ایک ایسے وقت پر کیا گیا ہے جب دنیا میں خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن اور صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف عالمی 16 روزہ پرگراموں کا آغاز ہو رہا ہے۔
افغانستان میں 2021 کے موسم گرما کے بعد سے خواتین نے اپنے بہت سے بنیادی حقوق کو محدود یا منسوخ پایا ہے اور یہ سطح دنیا بھر میں خواتین کے خلاف تشدد کی سب سے زیادہ شرح رکھنے والے ملکوں میں نمایاں ہے۔
افغان خواتین کوصنفی بنیادوں پر تشدد سے بچ جانے والوں کے لیے مربوط، جامع اور معیاری خدمات تک رسائی میں بھی واضح بگاڑ کا سامنا ہوا ہے ۔
صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف 16 روزہ سرگرمی ایک سالانہ بین الاقوامی مہم ہے جو 25 نومبر سے شروع ہوتی ہے اور 10 دسمبر کو انسانی حقوق کے عالمی دن تک جاری رہتی ہے۔ اس کا مقصد آگاہی بڑھانے اور صنفی بنیاد پر تشدد کو ہر جگہ ختم کرنے کے لیے عالمی اقدام کا مطالبہ کرناہے۔