فرانسیسی صدر میکرون کا واشنگٹن کا سرکاری دورہ
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون بائیڈن کی صدارت کے پہلے سرکاری دورے کے لیے واشنگٹن کا دورہ کر رہے ہیں ۔
یہ اس سفارتی ملاقات کی تجدید ہے جسے کووڈ وبا کی وجہ سے روک دیا گیا تھا۔
بائیڈن میکرون تعلقات کا آغاز اچھا نہ تھا ۔
میکرون نے امریکہ میں فرانس کے سفیر کوگزشتہ سال مختصر طور پر واپس بلا لیا تھا جب وائٹ ہاؤس نے آسٹریلیا کو جوہری آبدوزیں فروخت کرنے کے معاہدے کا اعلان کیا جس سے فرانس کی ڈیزل سے چلنے والی آبدوزیں فروخت کرنے کے معاہدے کو نقصان پہنچا تھا ۔
لیکن یوکرین پر روس کے حملے کے مغربی ردعمل میں بائیڈن کے سب سے پیش پیش یورپی اتحادیوں میں سے فرانس کے نمایاں طور پر ابھرنے کے ساتھ یہ تعلق بھی تبدیل ہوا ۔
اس ہفتے ہونے والے دورے میں اوول آفس کی بات چیت، شاندار عشائیہ، نیوز کانفرنس اور بہت کچھ شامل ہوگا -
چین: کرونا لاک ڈاؤن کے خلاف احتجاج پر مظاہرین گرفتار
چین کی سیکیورٹی فورسز نے پیر کو ایک غیر معمولی مظاہرے کے مقام پر لوگوں کو حراست میں لے لیا جب حکام نے ملک بھر میں سیاسی آزادیوں اورکووڈ لاک ڈاؤن کے خاتمے کا مطالبہ کرنے والے احتجاج کوختم کرنے کی کوشش کی ۔
اس سے پہلے چین کے متعدد شہروں میں کووڈ۔19 کے لیے طویل لاک داؤن پر برہم مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے۔
ان شہروں میں شنگھائی بھی شامل تھا جہاں مظاہرین نے کمیونسٹ پارٹی اور اس کے رہنماصدر شی جن پنگ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔
یہ ملکی قیادت کے خلاف غصے کا ایک منفرد مظاہرہ تھا۔ مظاہرین سنکیانگ میں لاک ڈاؤن ختم کرو کے نعرے بھی لگا رہے تھے۔
پولیس نے احتجاجی مقام پر متعدد افراد کو حراست میں لے کر پولیس کی گاڑیوں میں دھکیل دیا۔
یہ احتجاج جمعرات کو ارومچی میں اپارٹمنٹ کی ایک بلند و بالا عمارت میں آگ لگنے کے بعد ہوا جس میں دس افراد ہلاک ہوئے اور خدشہ ہے کہ لاک ڈاؤن کے اقدامات نے فائر فائٹرز کو عمارت میں تیزی سے داخل ہونے سے روک دیا اورامکان ہے کہ کچھ رہائشیوں کے باہر نکلنے میں رکاوٹ پیدا ہو ئی۔
ارومچی اگست سے لاک ڈاؤن کی زد میں ہےجہاں ہر روز کووڈ کے تقریباً ایک سو نئے کیسز کی اطلاع ہے۔
چین نے اتوار کے روز ملک بھر میں کوویڈ انفیکشن کے 40 ہزار کے قریب کےکیسز کی اطلاع دی۔
بھارتی وزیر داخلہ کے 2002 کے مسلم مخالف فسادات کی حمایت کی مذمت
بھارت کے سرکردہ شہریوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور سیاست دانوں نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے اس بیان کی مذمت کی ہے کہ 2002 میں شرپسندوں کو سبق سکھا دیا گیا اور اس کے بعد سے ریاست گجرات میں مستقل امن ہے۔
امت شاہ نے گجرات کے مہودھا میں جمعے کو ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گجرات میں کانگریس کے دور حکومت میں فرقہ وارانہ فسادات ہوا کرتے تھے۔
اس طرح اس نے اپنا ووٹ بینک مضبوط کیا اور عوام کے ایک بڑے طبقے کے ساتھ ناانصافی کی۔ ’لیکن انھیں 2002 میں سبق سکھا دیا گیا۔
اس الزام پر کانگریس کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔
اس وقت گجرات میں اسمبلی انتخابات ہو رہے ہیں۔
یکم اور پانچ دسمبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے جب کہ ووٹوں کی گنتی آٹھ دسمبر کو ہوگی۔
انسانی حقوق کے بعض کارکنوں کی جانب سے الیکشن کمیشن کے نام الگ الگ خط لکھ کر امت شاہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امت شاہ کے بیان سے ثابت ہوتا ہے کہ حکومت مسلم مخالف تشدد میں ملوث رہی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف بھی الزامات عائد کیے گئے تھے لیکن ایس آئی ٹی نے ان کو کلیٹ چٹ دے دی تھی۔
طالبان نے سابق صدر کرزئی کے بیرون ملک سفر سے پابندی ہٹا لی
سابق صدر حامد کرزئی کے قریبی ذرائع نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ طالبان نے صدر حامد کرزئی پر سفری پابندی ختم کر دی ہے اور وہ دسمبر کے پہلے ہفتے میں متحدہ عرب امارات اور پھر جرمنی جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے وہ دبئی روانہ ہوں گے اور اس کے بعد جرمنی جائیں گے۔
تاہم سابق صدر کرزئی کے دفتر نے ابھی تک سفری پابندی ہٹانے پر سرکاری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
اگر ایسا ہوتا ہے تو اگست 2021 میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد صدر کرزئی کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا۔
سابق صدر کو کئی بین الاقوامی کانفرنسوں میں مدعو کیا گیا تھالیکن طالبان نے ان کے بیرون ملک سفر سے اتفاق نہیں کیا۔ طالبان نے بھی اس پیش رفت پر کوئی بیان نہیں دیا۔