جرمنی کا یوکرین کو 350 جنریٹر فراہم کرنے کا اعلان
ایجنسی فرانس پریس نے رپورٹ کیا ہے کہ جرمنی یوکرین کو350 سے زیادہ جنریٹر فراہم کرے گا۔
ایک حکومتی ترجمان نے منگل کو کہا کہ روسی میزائل حملوں کے بعد یوکرین کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
حکومت کے ترجمان اسٹیفن ہیبسٹریٹ نے کہا کہ چانسلر اولاف شولز نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے بات کی اور کہا کہ جرمنی جنریٹر بھیجے گا اور اس کےساتھ توانائی کے بنیادی ڈھانچے کی مرمت کے لیے57 ملین ڈالر کی مالی امداد فراہم کرے گا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پولینڈ حکومت نے منگل کو کہا ہے کہ ان کا ملک یوکرینی پناہ گزینوں کو چار ماہ قیام کرنے کے بعد ان سے خوراک اور رہائش کا معاوضہ لینے کا ارادہ رکھتا ہے۔
24 فروری کو روس کے یوکرین پر حملے کے بعد دس لاکھ سے زیادہ یوکرینی پناہ گزینوں نے مغربی پڑوسی ملک پولینڈ میں عارضی طور پر قیام پذیر ہیں جنہیں پولینڈ کی حکومت اور عوام امداد فراہم کر رہے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اب تارکین وطن کے لیے وسائل کم ہو رہے ہیں اورپناہ گزینوں کورہائش تلاش کرنے اور پولینڈ سے مدد حاصل کرنے میں مشکل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پناہ گزینوں کو روز مرہ ضروریات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے بحران اور بجٹ کے دباؤ کا سامنا ہے۔
افغانستان شاہرہ ریشم کے ذریعے چین کے ساتھ تجارت کرنا چاہتا ہے: طالبان وزیر
افغانستان میں طالبان حکومت کے وزیر نورالدین عزیزی نے کہا ہے کہ واخان راہداری یا شاہراہ ریشم چین اور افغانستان کے درمیان تجارت کی سطح کو بڑھا سکتی ہے اور سامان کی آمدورفت کے لیے ایک قابل اعتماد راستہ بن سکتی ہے۔
عزیزی نے کہا کہ امارت اسلامیہ افغانستان نے اس راہداری کو کھولنے کے لیے اپنی تیاریوں کا اعلان کیا ہے اور عوامی جمہوریہ چین کے حکام سے کہا ہے کہ وہ اس راستے کو کھولنے کے عمل کو تیز کریں۔
انہوں نے یہ بات منگل کو چین میں ایک نمائش کے آن لائن افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ایک اور خبر کے مطابق افغانستان کے صحافیوں کے مرکز کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ننگرہار کے صوبائی حکام کے ممکنہ طور پر بدعنوانی میں ملوث ہونے کی رپورٹ دینے پرحمیشا بہار ایف ایم ریڈیو کے منیجر اتل ستانکزئی کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔
حمیشا بہار ایف ایم ریڈیو نے اپنے براڈکاسٹنگ منیجر اتل ستانکزئی کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔
افغان خواتین کی بہادری کی مثال ملنا مشکل ہے: امریکی خصوصی مندوب رینا امیری
امریکہ کی خصوصی مندوب رینا امیری نے خواتین کے انسانی حقوق کے دفاع کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ افغان خواتین اور لڑکیوں کی بہادری کی کوئی مثال ملنا مشکل ہے جو تعلیم کے حق اور اپنے خاندان کی کفالت کے لیے کام کرنے کی غرض سے انتہائی جدو جہد کر رہی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حقیقی ہیرو ہیں جو خطرات، تشدد اور قید وبند سے نبرد آزما ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خاص طور پر مسلم اکثریتی ممالک کے عالمی رہنماؤں سے اپیل کی وہ طالبان کو ایک متفقہ اور مضبوط پیغام دیں کہ وہ ملک کے استحکام اور خوشحالی کے لیے خواتین پر مشتمل ملک کی نصف آبادی کو معاشرے کی تعمیر و ترقی میں حصہ لینے کی اجازت دیں۔
کانگریس ممکنہ ریلوے کی ہڑتال روکنے کے لیے اقدامات کرے: بائیڈن
امریکی صدر جو بائیڈن نے پیر کے روز کانگریس سے مطالبہ کیا کہ وہ ممکنہ ریل ہڑتال کو روکنے کے لیے مداخلت کرے۔یہ ہڑتال 9 دسمبر سےشروع ہو سکتی ہے۔
صدر نے خبردار کیا کہ اگر ریل روڈ سروس کو روک دیا جا تا ہے تو اس کے تباہ کن معاشی اثرات مرتب ہوں گے۔
بائیڈن نے قانون سازوں سے کہا کہ وہ ستمبر میں اعلان کردہ عارضی معاہدے کو بغیر کسی ترمیم یا تاخیر کے اپنائیں -
ایوان کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے کہا کہ قانون ساز اس ہفتے تباہ کن ملک گیر ریل ہڑتال کو روکنے کے لیے قانون سازی کریں گے کیونکہ اس ہڑتال سے ہماری معیشت رک جائے گی۔
کانگریس سے چار سو سے زیادہ گروپوں نے پیر کے روزمطالبہ کیا کہ وہ ریل ہڑتال میں مداخلت کرے کیونکہ اس سے کھانے اور ایندھن کی ترسیل اور مسافروں کو اربوں ڈالر کا معاشی نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔
بائیڈن نے کہا کہ ریل سروس بند ہونے سے ہماری معیشت تباہ ہو جائے گی۔مال بردار ریلوے کے بغیر بہت سی امریکی صنعتیں بند ہو جائیں گی۔کمیونٹیز پینے کے پانی کو صاف کرنے کے لیے ضروری کیمیکلز تک رسائی سے محروم ہو سکتی ہیں۔ ملک بھر میں فارم اور فارم مالکاناپنے مویشیوں کو کھانا کھلانے سے قاصر ہو سکتے ہیں۔