افغانستان: ریلوے سروسز کا معاہدہ، طالبان کا وفد ایران کا دورہ کرے گا
طالبان ریلوے اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ اتھارٹی کا ایک وفد ایران کا دورہ کرے گا تاکہ ایرانی حکام کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان ریلوے ٹرانسپورٹ خدمات کے آغاز کے معاہدے پر دستخط کیے جائیں۔
طالبان حکومت نے قازقستان کی ایک کمپنی کے ساتھ ریلوے خدمات فراہم کرنے کے لیے 80 لاکھ ڈالر سے زائد دو سال کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
افغانستان کے پاس 130 کلومیٹر کا ریلوے روٹ ہے جو اس وقت طالبان ریلوے اتھارٹی کے زیر استعمال ہے۔
ریلوے اتھارٹی کا کہنا ہے کہ 35 لاکھ ٹن سامان ریلوے کے ذریعے درآمد اور برآمد کیا گیا جس میں سے بڑا حصہ افغانستان کو درآمد کیا گیا۔
ریلوے کے شعبے میں تقریباً دو ہزار ملازم کام کر رہے ہیں۔
افغانستان: بم دھماکے میں 7 افراد ہلاک، متعدد زخمی
طالبان کے سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ منگل کی صبح صوبہ بلخ کے صوبائی دارالحکومت مزار شریف کے ضلع تین میں سید آباد کے علاقے میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں سات افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے ۔
کابل پولیس کے ترجمان آصف وزیری نے صحافیوں کو بتایا کہ ہراتان بندرگاہ کی ایک آئل کمپنی کے سویلین ملازمین کو لے جانے والی ایک بس بارودی سرنگ سے ٹکرانے سے کم از کم سات افراد ہلاک ہو گئے۔
دھماکے کے وقت بس میں تقریباً چالیس مسافر سوار تھے۔
سوڈان: حکمران جرنیلوں اور حزب اختلاف کے درمیان انتخابات سے متعلق سمجھوتہ
سوڈان کے حکمران جرنیلوں اور جمہوریت کے حامی مرکزی گروپ نے انتخابات تک ایک لائحہ عمل سے متعلق سمجھوتے پر دستخط کیے ہیں لیکن اختلاف رائے رکھنے والے اہم فریق اس معاہدے سے باہر ہیں۔
یہ معاہدہ ملک میں انتخابات کے لیے رہنمائی کے لیے ایک نئی سویلین عبوری حکومت کے قیام کا عہد کرتا ہے اور اکتوبر 2021 کی بغاوت کے بعد سوڈان کی جمہوریت کی طرف رکی ہوئی منتقلی کے تناظر میں آگے بڑھنے کا راستہ پیش کرتا ہے۔
اس معاہدے پر سوڈان کے دو اعلیٰ جرنیلوں اور جمہوریت کے حامی سب سے بڑے گروپ فورسز آف فریڈم اینڈ چینج نے پیر کو خرطوم میں دستخط کیے ۔
لیکن سوڈان کے اختلاف رائے رکھنے والےمتعدد اہم افراد نے اس معاہدے کا بائیکاٹ کیا ہے ان میں سوڈان کا نچلی سطح کا جمہوریت نواز نیٹ ورک بھی شامل ہیں جس نے حکمران جرنیلوں کے ساتھ مذاکرات کرنے سے مسلسل انکار کیا ہے
طالبان کا کابل میں پاکستانی سفارت خانے پر حملے میں ملوث شخص گرفتار کرنے کا دعویٰ
طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے پیر کو دعویٰ کیا کہ طالبان فورسز نے کابل میں پاکستانی سفارت خانے پر جمعے کے حملے کے سلسلے میں ایک غیر ملکی شہری کو گرفتار کیا ہے۔
ترجمان مجاہد کے مطابق تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ حملے کی منصوبہ بندی آئی ایس آئی ایس خراسان اور طالبان مخالف فورسز نے مشترکہ طور پر کی تھی۔
انہوں نے ٹویٹس میں کہا کہ حملے کے پیچھے کچھ غیر ملکی حلقوں کا ہاتھ ہے اور ان کا مقصد دو برادر ممالک کے درمیان بداعتمادی پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
انہوں نے اس حملے کے پس پردہ ملک کا نام اور گرفتار شخص کی قومیت بتائی ہے۔
اسلامک اسٹیٹ گروپ نے ہفتے کے روز کہا کہ وہ افغانستان میں پاکستانی سفارت کار پر قاتلانہ حملے کا ذمہ دار ہے۔