پاکستان اور ایران سے بڑی تعداد میں افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی
اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ (یواین ایف پی اے) کا کہنا ہے کہ جنوری سے اکتوبر 2022 کے درمیان 661600 افغان باشندے ایران سے اور 66300 پاکستان سے واپس افغانستان آئے ہیں ۔
یواین ایف پی اے کی ایک ٹویٹ میں بتایا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کا یہ ادارہ سرحدوں پر زیرو پوائنٹ کیمپوں میں انسانی ہمدردی کے کاموں میں مدد کرتا ہے تاکہ افغانستان واپس آنے والے خاندانوں کوصحت اور نفسیاتی مدد کی خدمات فراہم کی جا سکیں۔
ناروے کی پناہ گزینوں کی کونسل این آر سی نے طالبان حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اندرونی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کی افغانستان بھر کی بستیوں سے مزید بے دخلی اس وقت تک کے لیے روک دیں جب تک انہیں بسانے کے لیے کوئی پائیدار متبادل تلاش نہ کر لیا جائے۔
افغانستان سے موصول ہونے والی ایک اور خبر میں بتایا گیا ہے کہ طالبان حکام نے صوبہ بادغیس میں تقریباً 20 ہزار بے گھر افراد کو ان کے گھروں سے بے دخل کر دیا ہے۔
جس کے بعد اب بہت سے لوگوں کے پاس اپنے بچوں کو کھلانے کے لیے کچھ نہیں ہے اور علاقے کا درجہ حرارت صفر سے نیچے گرنے کے بعد انہیں گرم رکھنے کا کوئی طریقہ بھی نہیں ہے ۔
افغانستان میںاین آر سی کے کنٹری ڈائریکٹر نیل ٹرنر نے کہا ہے کہ بادغیس کے حکام کو یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ آبادی کے حوالے سے ان کی بھی ذمہ داریاں ہیں ۔
امریکہ نے جنوبی کوریا میں اپنا سپیس فورس یونٹ قائم کر دیا
امریکی فوج نے جنوبی کوریا میں باضابطہ طور پر ایک سپیس فورس یونٹ کا آغاز کیا ہے ۔
واشنگٹن کایہ اقدام ممکنہ طور پر اسے اپنے حریفوں شمالی کوریا، چین اور روس کی بہتر نگرانی کے قابل بنائے گا۔
سیول کے قریب اوسین ایئر بیس پر امریکی سپیس فورس کی جنوبی کوریا کی سرگرمی اس وقت سامنے آئی جب شمالی کوریا نے امریکی سرزمین اور اس کے اتحادیوں جنوبی کوریا اور جاپان کو نشانہ بنانے کے لیے بنائے گئے جوہری صلاحیت کے حامل بیلسٹک میزائلوں کا حالیہ مہینوں میں تجربہ کیا۔
اس یونٹ کا تعلق یو ایس اسپیس فورس سے ہے جسے دسمبر 2019 میں اس وقت کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں 70
سال سے زائد عرصے میں پہلی نئی امریکی فوجی سروس کے طور پر شروع کیا گیا تھا۔
افغانستان: اقوام متحدہ کی زلزلہ متاثرین میں 500 نئے مکانات کی تقسیم
اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے لیے ہائی کمشنر یا یو این ایچ سی آر کی جانب سے جمعرات کو تقریباً پانچ سو نئے تعمیر شدہ مکانات گزشتہ جون کے زلزلے سے متاثرہ خاندانوں کے حوالے کیے جا رہے ہیں۔
یو این ایچ سی آر کے سینئر کمیونیکیشن آفیسر پیٹر کیسلر نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ یہ مکانات پکتیکا صوبے کے برمل ضلع میں تعمیر کیے گئے ہیں ۔
یو این ایچ سی آر کے مطابق ان تعمیر شدہ مکانات میں ہیٹر، وسیع کھڑکیاں ، مضبوط دروازے اور شمسی توانائی جیسی سہولتیں موجود ہیں ۔
جون کے تباہ کن زلزلے کے بعد یہ مکانات تقریباً سات ہزار افراد کے لیے مستقل پناہ گاہ فراہم کریں گے ۔
زلزلے نے پکتیکا کے تین اضلاع اور خوست کے ایک ضلع کو متاثر کیا تھا جس سے سینکڑوں افراد ہلاک اور ہزاروں مکانات تباہ ہو گئے تھے ۔
امریکہ اور اقوام متحدہ کی کابل کے ہوٹل پر دہشت گرد حملے کی مذمت
کابل میں امریکی سفارت خانے کی ناظم الامور کیرن ڈیکر نے کابل میں واقع لونگان ہوٹل پر پیر کے روز داعش کے حملے کی مذمت کی ہے اور اس حملے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔
اس حملے میں چینی تاجروں سمیت متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے تھے۔
اقوام متحدہ کے سربراہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ایک ہوٹل پر حملے کی شدید مذمت کی ہے اور قصورواروں کے احتساب کا مطالبہ کیا ۔
گوتریس نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور ان کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔ افغانستان میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن یو این اے ایم اے نے بھی ٹوئٹر پر پوسٹ کیے گئے ایک مختصر بیان میں اس حملے کی مذمت کی ہے۔