ایران میں جاری مظاہروں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 500 تک پہنچ گئی
امریکہ میں مقیم حقوق کے نگران خبر رساں ادارے ’ایچ آر اے این اے‘ کے مطابق ایران میں ستمبر کے وسط سے شروع ہونے والے مظاہروں کے بعد سے اب تک کم از کم 500 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
انسانی حقوق کے کارکنوں کی نیوز ایجنسی نے کہا کہ مرنے والوں میں 18 سال سے کم عمر کے 69ر افراد بھی شامل ہیں۔ جب کہ ایچ آر اے این اے کا کہنا ہے کہ ایرانی حکام اب تک 18 ہزار4 سو سے زیادہ افراد کو گرفتار کر چکے ہیں۔
تبریز میں ایک سیمنٹ کمپنی میں فائر فائٹرز اور کارکنوں سمیت یونین کے ارکان نے مظاہروں میں حصہ لیتے ہوئے اتوار کو بھی احتجاج جاری رکھا۔
فلم سازوں اور آرٹ کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے تہران کی ایون جیل کے سامنے اکھٹے ہوکر اداکارہ ترانے علی دوستی کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا جنہیں اس بنا پر گرفتار کیا گیا تھا کہ انہوں نے احتجاج کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے ایک تصویر پوسٹ کی تھی۔
ترانہ فلم 'دی سیلزمین' میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں جسے پوری دنیا میں پذیرائی ملی تھی۔ انہیں اپنی پرفارمنس پر آسکر ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔
افغانستان: سالنگ سرنگ میں آتش زدگی سے 31 افراد ہلاک درجنوں زخمی
طالبان حکومت کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ہفتے کی رات سالنگ سرنگ کے اندر ایک آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں اس حادثے میں 31 افراد هلاک اشر 37 زخمی ہو گئے۔
اس واقعے کے بعد شاہراہ سالنگ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔
وزارت کے ترجمان ڈاکٹر شرفت زمان امرخیل نے صحافیوں کو بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
طالبان حکومت کے مطابق شاہراہ سالنگ تاحال ٹریفک کے لیے بند ہے۔
پندرہ سو افغان تارکین وطن پاکستانی جیلوں میں قید ہیں: طالبان
اسلام آباد میں افغانستان کے طالبان کے زیر کنٹرول سفارت خانے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 1500 افغان شہری اب بھی پاکستانی جیلوں میں قید ہیں۔
اتوار کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سفارت خانے کی کوششوں سے اب تک 500 افغان تارکین وطن کو رہا کرایا جا چکا ہے۔
سفارت خانے کا کہنا ہے کہ وہ دیگر افغان مہاجرین کی رہائی کو یقینی بنانے کے لیے پاکستانی حکام سے رابطے میں ہے۔
امریکہ کے مرکزی بینک نے بنیادی شرح سود میں اضافہ کر دیا
امریکہ کے مرکزی بینک فیڈرل ریزرو نے اپنے سود کی کلیدی شرح کو نصف پوائنٹ تک بڑھا دیا ہے جو اب 4.25فی صد سے بڑھ کر 4.5 فی صد ہو گئی ہے۔
یہ مرکزی مالیاتی ادارے کی گزشتہ 14 برسوں کی بلند ترین سطح ہے جس کا بنیادی مقصد بڑھتی ہوئی مہنگائی اور افراط زر پر قابو پانا ہے۔
فیڈرل ریزور کا تازہ ترین اضافہ اس سال ساتواں اضافہ ہے جس کے نتیجے میں صارفین اور کاروباری اداروں کے لیے گھروں اور گاڑیوں کی خرید اور دیگر ضروریات کے لیے قرض حاصل کرنا اور بھی مہنگا ہو جائے گا۔
لیکن اس اضافے کا ایک مثبت پہلو یہ بھی ہے کہ بینکوں پر رکھی ہوئی لوگوں کی بچتوں پر اب زیادہ منافع مل سکے گا۔
اس سے قبل اکثر مالیاتی ادارے لوگوں کی بچتوں پر انتہائی معمولی منافع دے رہے تھے۔