حیاتیاتی تنوع کے تحفظ پر تاریخی معاہدہ طے پا گیا
کینیڈا کے شہر مانٹریال میں منعقدہ اقوام متحدہ کی حیاتیاتی تنوع یا بائیو ڈائیورسٹی کانفرنس میں مذاکرات کاروں نے پیر کے روز ایک تاریخی معاہدہ کیا جو دنیا میں زمین اور سمندروں کے تحفظ کے لیے اہم ترین کوششوں کی نمائندگی کرے گا اور ترقی پذیر دنیا میں حیاتیاتی تنوع کو بچانے کے لیے اہم مالی اعانت فراہم کرے گا۔
چین اقوام متحدہ کی حیاتیاتی تنوع کانفرنس یا COP15 کی صدارت کر رہا ہے اور اس نے ایک لائحہ عمل کا مسودہ جاری کیا جسے کانفرنس میں شامل ملکوں نے منظور کیا اور 2030 تک حیاتیاتی تنوع کے لیے اہم سمجھے جانے والے زمین اور سمندر کو30 فیصدتک بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔
فی الحال زمین 17 جب کہ 10 فیصد سمندری علاقے محفوظ ہیں ۔
اس میں خطرے سے دوچار حیاتیاتی اقسام کے تحفظ، آب و ہوا کی تبدیلی کے اثرات میں کمی لانے اور آلودگی کو کم کرنے کی کوششوں کو دوگنا اضافہ کرنےپر بھی زور دیاگیا ہے۔
لیبیا: داعش کے 17 ارکان کو 53 افراد کے قتل پر سزائے موت کا اعلان
لیبیا کے اعلیٰ پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ ایک عدالت نے اسلامک اسٹیٹ یا داعش گروپ کے سابق 17 ارکان کو موت کی سزا سنائی ہے۔
لیبیا کے طرابلس میں مقیم پراسیکیوٹر کی جانب سے پیر کے روز جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سزائے موت ان دہشت گردوں کو سنائی گئی ہے جو مغربی شہر صبراتہ میں53 افراد کے قتل اور عوامی املاک کو تباہ کرنے میں ملوث پائے گئے تھے۔
مزید 16 عسکریت پسندوں کو قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں جن میں سے دو کو عمر قیدکی سزا دی گئی ہے۔
2011 کی بغاوت کے نتیجے میں لیبیا افراتفری کا شکار ہوا اور طویل عرصے سے حکمرانی کرنے والے معمر قذافی کی حکومت کا تختہ الٹ کر انہیں ہلاک کردیا گیا جس کے بعد انتہا پسند ملک کے مختلف حصوں پر قابض ہو گئے۔
بلوچستان کے علما، عمائدین اور تاجروں کے وفد کی افغانستان میں طالبان حکام سے ملاقات
طالبان حکام نے پیر کے روز پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے پاکستانی علماء، قبائلی عمائدین اور تاجروں کے ایک مشترکہ وفد سے صوبہ قندھار کے ضلع اسپن بلدک میں ملاقات کی۔
طالبان کی قندھار صوبائی حکومت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقوں نے چمن اسپن بلدک سرحدی کراسنگ پوائنٹ کے قریب حالیہ جھڑپوں پر تبادلہ خیال کیا۔
بیان میں مزیدکہا گیا ہے کہ طالبان نے وفد کو بتایا ہے کہ طالبان جنگجوؤں نے اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے ایسا کیا۔
بیان کے مطابق پاکستانی وفد نے طالبان حکام کو بتایا کہ وہ پاکستانی حکام سے ملاقات کے نتائج پر بات کریں گے۔
کینیڈا: ٹورنٹو میں فائرنک کے واقعہ میں پانچ افراد ہلاک
کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کے ایک مضافاتی علاقے میں اتوار کو فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔ جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے بعد فائرنگ میں ملشث مشتبہ شخص بھی ہلاک ہو گیا
مقامی پولیس کے سربراہ جم میکسوین نے صحافیوں کو بتایا کہ فائرنگ ایک اپارٹمنٹ بلڈنگ میں ہوئی ۔زخمی ہونے والے شخص کو اسپتال داخل کرا دیا گیا ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پولیس اس بارے میں تحقیقات کر رہی تھی کہ آیا فائرنگ کا ہدف بنے والے افراد اور حملہ آور کے درمیان کوئی تعلق یا کوئی تنازع تھا۔
پولیس نے ابھی تک حملہ آور کی شناخت ظاہر نہیں کی۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ بظاہر یوں لگتا ہے کہ اس حملے میں کوئی اس کے ساتھ شریک نہیں تھا۔
یہ واقعہ ٹورینٹو کے شمال میں لگ بھگ 30 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع وانگن نامی مضافاتی آبادی میں پیش آیا جہاں حملہ آور نے مختلف اپارٹمنٹس میں رہنے والو کو گولیاں مار کر ہلاک کیا۔
کینیڈین میڈیا نے بتایا کہ رہائشیوں کو فوری طور پر علاقے سے نکال لیا گیا ہے اور درجنوں ایمبولینسیں اور پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر دیکھے گئے۔
اگرچہ کینیڈا میں امریکہ کے مقابلے میں فائرنگ کے واقعات کم ہوتے ہیں لیکن اب وہاں بھی گن تشدد میں اضافہ ہوا ہےاور حال ہی میں ہینڈ گن پر پابندی کے لیے قانون سازی کی گئی ہے۔