افغان خواتین کی تعلیم اور کام کا حق دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش جا رہی ہے:رینا امیری
افغانستان میں انسانی حقوق، خواتین اور لڑکیوں کے لیے امریکہ کی خصوصی نمائندہ رینا امیری نے کہا ہے کہ افغان لڑکیوں اور خواتین کی آواز سنی جا رہی ہے اور ان کی حمایت کی جائے گی۔ ایک ٹویٹ میں سب یا کوئی نہیں کا نعرہ شیئر کرتے ہوئے امیری نے مزید کہا کہ افغان لڑکیوں اور خواتین کے لیے تعلیم اور کام کا حق دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔
اقوام متحدہ کے انسانی امور کے رابطہ دفتر یا اوچا کا کہنا ہے کہ خواتین امدادی کارکنوں پر پابندی کے تمام افغان افراد کے لیے مہلک نتائج ہوں گے۔ یہ پابندی ایک ایسے وقت میں لگائی گئی ہے جب 28 ملین سے زیادہ لوگوں کو زندہ رہنے کے لیے امداد کی ضرورت ہے کیونکہ ملک قحط کی صورت حال، معاشی زبوں حالی، غربت اور شدید سردی کے خطرے سے دوچار ہے۔
افغانستان میں ٹی ٹی پی کے ممکنہ ٹھکانوں کو نشانہ بنانے بیان اشتعال انگیز ہے: طالبان وزارت دفاع
طالبان کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزارت قومی دفاع افغانستان میں ٹی ٹی پی کی موجودگی اور افغانستان کے اندر ان کے ممکنہ حملے کے بارے میں پاکستانی وزیر داخلہ کی حالیہ تقاریر کو اشتعال انگیز اور بے بنیاد سمجھتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستانی حکام کے ایسے دعووں سے دونوں ہمسایہ اور برادر ممالک کے درمیان اچھے تعلقات کو نقصان پہنچتا ہے جب کہ یہ شواہد موجود ہیں کہ ٹی ٹی پی کے مراکز پاکستان کے اندر ہیں۔
بیان میں مشورہ دیا گیا ہے کہ کسی بھی قسم کے خدشات اور مسائل کو افہام و تفہیم سے حل کیا جائے۔
پاکستان کی جانب سے اس بارے میں کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
اس سے پہلے پاکستان کے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے ایک پاکستانی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر کابل میں حکام نےٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی نہ کی تو وہ تحریک طالبان پاکستان کے افغانستان میں محفوظ ٹھکانوں کو نشانہ بنائیں گے۔
صدر پوٹن اور چینی ہم منصب شی کے درمیان ویڈیو کانفرنس، دو طرفہ تعاون بڑھانے کا عزم
روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور چینی رہنما شی جن پنگ نے یوکرین میں ماسکو کی دس ماہ سے جاری جنگ کے تناظر میں اپنے دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کا عزم کیا ہے۔
پوٹن اور شی نے جمعے کے روز ویڈیو کانفرنس کے ذریعے دو طرفہ بات چیت میں یوکرین کا براہ راست کوئی ذکر نہیں کیا ، لیکن انہوں نے جیو پولیٹیکل تناؤاور مشکل بین الاقوامی صورت حال میں ماسکو اور بیجنگ کے درمیان مضبوط تعلقات کو ک سراہا۔
پوٹن نے شی کو موسم بہار میں ماسکو کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔
ادھر یوکرین میں حکام نے کہا ہے کہ جمعرات کو پاور اسٹیشنوں اور دیگر اہم انفراسٹرکچر پر بڑے پیمانے پر روسی میزائل حملے ہوئے جو کئی ہفتوں کے دوران شدید ترین حملے تھے۔
یوکرین کی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف نے جمعے کی صبح بتایا ہے کہ روسی افواج نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں یوکرین کے اہداف پر کل85 میزائل اور 35 فضائی حملے کیے ہیں۔
ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز کا طالبان سے خواتین کارکنوں پر پابندی ہٹانے کا مطالبہ
علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کرنے والے ایک گروپ ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز (ایم ایس ایف) نے اپنے ایک بیان میں خواتین کارکنوں پر پابندی کی مذمت کرتے ہوئے اسے عوامی زندگی سے خواتین اور لڑکیوں کی موجودگی بتدریج ختم کرنے کا پہلا قدم قرار دیا۔
ایم ایس ایف نے کہا کہ خواتین کے کام پر پابندیاں ان تمام چیزوں کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہیں جن سے صحت کی دیکھ بھال تک خواتین کی رسائی محدود ہو جاتی ہے۔
ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز ، افغانستان کے ہلمند، قندوز، ہرات،خوست، کابل، قندھار اور بامیان میں صحت کی دیکھ بھال کی فراہمی پر خصوصی توجہ کے ساتھ سات منصوبے چلا رہا ہے۔
افغانستان میں اس گروپ تنظیم کے لیے طبی شعبے سے تعلق رکھنے والے 1700 سے زیادہ افراد کام کرتے ہیں، جن میں سے 894 خواتین اور 835 مرد ہیں۔