روس اور یوکرین کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ، 50 قیدی ایک دوسرے کے حوالے
روس اور یوکرین نے قیدیوں کا تبادلہ کرنے کے ایک معاہدے کے تحت اتوار کے روز 50 گرفتار فوجیوں کا تبادلہ کیا ۔
مشرقی یوکرین میں جنگ کے باوجود دونوں فریقوں نےاس سمجھوتے کا خیر مقدم کیا ہے ۔
روس کی وزارت دفاع نے کہا کہ واپس آنے والے 50 روسی فوجیوں کو طبی اور نفسیاتی مددکے لیے ماسکو لے جایا جائے گا۔
یوکرین نے ان معلومات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ روس نے اسی معاہدے کے تحت 50 یوکرینی فوجیوں کو رہا کر دیا ہے۔
یوکرین کے صدارتی دفتر کے سربراہ آندری یرمک نے ٹوئٹر پر کہا کہ ہمیں اپنے تمام لوگوں کو گھر لانا چاہیےاور ہم اس کے لیے کوشاں ہیں۔
یرمک نے یوکرین کے آزادہونے والے فوجیوں کی تصاویربھی پوسٹ کیں اور ان کی ایک ویڈیو بھی جس میں وہ یوکرین کا قومی ترانہ گا رہے تھے۔
پوپ فرانسس کے سالانہ خطاب میں ایران میں مظاہرین کو پھانسی دینے کی مذمت
پوپ فرانسس نے سفارت کاروں سے نئے سال کے اپنے روایتی خطاب میں ایران کی جانب سے مظاہرین کو پھانسی دینے کی پہلی بار مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین میں جنگ خدا اور انسانیت کے خلاف جرم ہے۔
پوپ نے ویٹیکن کے تسلیم شدہ سفارت کاروں کو نئے سال کے آغاز پر ایک جائزہ پیش کیا جسے غیر رسمی طور پر ان کے سٹیٹ آف دی ورلڈ خطاب کے طور پر جانا جاتا ہے۔
اطالوی زبان میں آٹھ صفحات پر مشتمل تقریر 183 ممالک میں سے بیشتر کے نمائندوں کے سامنے پڑھی گئی جس میں دنیا کے تمام تنازعات والے علاقوں بشمول افریقہ، مشرق وسطیٰ اور ایشیاء کی صورتحال پر روشنی ڈالی گئی ۔
پوپ نے اسقاط حمل کے بارے میں مذمت کو دوہراتے ہوئے اور خاص طور پر سیاسی ذمہ داریوں کے حامل افراد سے اپیل کی کہ وہ ان لوگوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد کریں جو کمزور ترین ہیں۔
انہوں نے ایک بار پھر ایٹمی تصادم کے خطرے سے خبردار کیا۔
جاپانی وزیر اعظم فومیو کیشیدا کا یورپ اور امریکہ کا دورہ
جاپانی وزیر اعظم فومیو کیشیدا نےاپنے ایک ہفتہ طویل دورے کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد واشنگٹن میں ہونے والی سربراہی کانفرنس میں جاپان امریکہ اتحاداور یورپ اور برطانیہ کے ساتھ فوجی تعلقات کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کرنا ہے ۔
یہ دورہ ایک ایسے وقت پر ہو رہا ہے جب جاپان نے جنگ کے بعد کی پابندیوں کو ختم کرتے ہوئے چین کی طرف زیادہ جارحانہ رویہ اپنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔
امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ جمعے کے روز کشیدا کی بات چیت میں ان کے پانچ ممالک کے دورے کی تفصیل ہو گی۔
کیشیدا فرانس، اٹلی، برطانیہ اور کینیڈا بھی جا رہے ہیں ۔
جاپان نے دسمبر میں اہم سیکیورٹی اور دفاعی اصلاحات کو اپنایا ہے جس میں جوابی حملے کی صلاحیت بھی شامل ہے جو ملک کےبعد از جنگ محض اپنے دفاع کے اصول کے مخالف ہے۔
جاپان کا کہنا ہے کہ میزائل انٹرسیپٹرز کی موجودہ تنصیب اسے چین اور شمالی کوریا میں ہتھیاروں کی تیز رفتار ترقی سے بچانے کے لیے ناکافی ہے۔
این جی اوز کی خواتین کارکنوں پر پابندی سےلاکھوں افغانوں تک خوراک کی رسائی مشکل ہو گئی
افغانستان میں خواتین این جی او ورکرز پر حالیہ پابندی ایک ایسے وقت پر جاری ہے جب تباہ حال آبادی پر سرد موسم کے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
انٹر نیشنل ریسکیو کمیٹی یا آئی آر سی کی انتہائی ضرورت مند افراد تک پہنچنے اور دشوار گزار علاقوں میں فراہمی کی صلاحیت خواتین کے عملے سے وابستہ ہے۔
افغانستان میں خواتین کی سربراہی والے 82 فیصدخاندان خوراک کے عدم تحفظ کا شکار ہیں جو مردوں کی سربراہی والے گھرانوں سے 32 فیصد زیادہ ہیں۔
خواتین عملے کے بغیر تمام سطحوں اور تمام شعبوں میں اس بحران سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والوں کے لیے اصولی، ضروریات پر مبنی امداد بڑے پیمانے پر فراہم نہیں کی جا سکتی۔