ایران میں بیلجیئم کے ایک امدادی کارکن کو طویل قید اور 74 کوڑوں کی سزا
ایران نے بیلجیئم کے ایک امدادی کارکن کو بند کمرے کی سماعت میں جاسوسی کے الزامات ثابت ہونے پر طویل قید اور 74 کوڑوں کی سزا سنائی ہے۔
ایرانی عدلیہ کی ویب سائٹ پر منگل کے روز بتایا گیا کہ ایک انقلابی عدالت نے 41 سالہ اولیور وینڈیکاسٹیلی کو جاسوسی، دشمن حکومتوں کے ساتھ تعاون اور منی لانڈرنگ کے الزامات میں مجرم قرار دیا۔
انہیں تقریباً12 تک قید کاٹنے کے بعد رہائی مل سکتی ہے۔
یہ واضح نہیں ہے کہ آیا ان الزامات کا تعلق حکومت مخالف مظاہروں سے ہے جو ایران کو گزشتہ چار ماہ سے متاثر کیے ہوئے ہیں ۔
ناقدین ایران پر الزام لگاتے ہیں کہ وہ غیر ملکی اور دوہری شہریت والے قیدیوں کو مغرب کے ساتھ سودے بازی کے لیے استعمال کر رہا ہےجس کی ایرانی حکام نے تردید کرتے ہیں۔
بیلجیئم نے اپنے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایران چھوڑ دیں اور خبردار کیا ہے کہ انہیں من مانی گرفتاری یا غیر منصفانہ مقدمات کے خطرے کا سامنا ہے۔
اس فیصلے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔
امریکی فورسز نے خلیج عمان میں ایران سے یمن جانے والی دو ہزار سے زیادہ رائفلیں پکڑ لیں
امریکہ کے پانچو یں بحری بیڑے کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کی فورسز نے خلیج عمان میں ماہی گیری کے ایک جہاز پردو ہزار سے زیادہ اے کے 47 اسالٹ رائفلیں پکڑی ہیں۔
ماہی گیری کی یہ کشتی اس سمندری راستے پر سفر کر رہی تھی جو یمن میں موجود ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے لیے غیر قانونی سامان کی آمدورفت کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی افواج نے گزشتہ دو ماہ کے دوران اسی علاقے میں ماہی گیری کے دو دیگر جہازوں کو بھی روکا تھا جو ایران سے یمن تک ہتھیار لے جا رہے تھے۔
ایران نے حوثیوں کو مسلح کرنے کی بارہا تردید کی ہے جب کہ آزاد ذرائع اور اقوام متحدہ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ بھیجے جانے والے سامان کا سلسلہ ایران سے ملتا ہے ۔
حوثیوں نے ستمبر 2014 میں یمن کے دارالحکومت صنعا پر قبضہ کر لیا تھا اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کو جلاوطنی پر مجبور کر دیا تھا۔
افغانستان میں شدید سردی کی لہر، سالانگ ہائی وے بند، کابل کا درجہ حرارت منفی 21 تک گرنے کا امکان
افغانستان کے کچھ حصوں میں منگل کے روز ہونے والی شدید برف باری کے بعد سالانگ پاس سمیت کئی شاہراہیں بند کر دی گئیں۔
طالبان کی وزارت امور عامہ کے مطابق سالانگ ہائی وے شدید برف باری اور موسلادھار بارش کی وجہ سے ٹریفک کے لیے بند ہے۔
وزارت نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ آئندہ اطلاع تک اس شاہراہ پر سفر کرنے سے گریز کریں۔
اسی دوران موسم کی پیش گوئی کرنے والے اداروں نے بتایا ہے کہ افغانستان بھر میں سردی کی لہر جمعرات12 جنوری سے شروع ہو گی اور ایک ہفتے تک جاری رہے گی۔
موسمیات کے ادارے کے مطابق جمعرات کو کابل میں درجہ حرارت منفی21 رہے گا۔
افغانستان میں انسانی صورت حال پر اسلامی تعاون تنظم کی ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) افغانستان کی تازہ ترین صورت حال کا جائزہ لیے کے لیے جدہ میں واقع اپنے صدر دفاتر میں ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس منعقد کر رہا ہے۔
اس اجلاس میں طالبان کے قبضے کے بعد پیدا ہونے والے حالات اور انسانی حقوق کی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔
اسلامی تعاون تنظیم اور انٹرنیشنل فقہ اکیڈمی اس سے قبل اپنے بیانات میں لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی سے متعلق طالبان کے احکامات کو اسلامی قانون کے منافی قرار دے چکی ہے۔
دوسری جانب طالبان حکومت کے اعلیٰ تعلیم سے متعلق قائم مقام وزیر کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت تمام شہریوں کے حقوق برقرار رکھنے کے لیے پر عزم ہیں اور وہ تعلیم کے خلاف نہیں ہے۔ اس سے قبل طالبان حکومت کے نائب وزیر خارجہ عباس ستانکزئی اسلامی ممالک کے وفد سے ملاقات میں کہہ چکے ہیں کہ شریعت کے خلاف احکامات کو نہیں ماننا چاہیے۔ افغانستان کے میڈیا کے مطابق ان کا یہ بیان طالبان حکومت کے موقف کے برعکس ہے۔
افغانستان میں کھلاڑی افغان خواتین اورلڑکیوں نے خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا ہے کہ انہیں طالبان کی طرف سے دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ان میں سے کچھ برقعے پہن کر کھیلنے کے طریقے تلاش کر رہی ہیں۔