افغانستان کی فلاحی امداد خواتین کے کام سے منسلک ہے: اقوام متحدہ
یو این ویمن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیما باہوس نے بدھ کو کابل میں طالبان کے نائب وزیر اعظم ملا عبدالسلام حنفی سے بات کرتے ہوئے افغانستان کے لیے فلاحی امداد کو خواتین کے حقوق سے مربوط کیا ہے۔
طالبان کے نائب وزیر اعظم کے دفتر کے ایک بیان کے مطابق انہوں نے حنفی کو بتایا کہ افغانستان کے لیے امداد خواتین کی سرگرمیوں اور کام کے مواقع سے منسلک ہے۔
انہوں نے کہا کہ طالبان کو افغانستان کی اقدار اور ثقافت کی بنیاد پر خواتین کے لیے مواقع تلاش کرنے چاہئیں۔
اقوام متحدہ کا ایک اعلیٰ سطحی وفد ڈپٹی سیکرٹری جنرل آمنہ محمد کی قیادت میں پیر سے کابل میں ہے۔
افغانستان: انسانی حقوق کے محافظوں کو طالبان سے شدید خطرات لاحق ہیں
افغانستان کے بارے میں ایک نئی رپورٹ کے مطابق انسانی حقوق کے محافظوں کو طالبان کی حکمرانی کے تحت سنگین خطرات کا سامنا ہے ۔
سروے میں شامل انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے 663 افغان محافظوں میں سے متعدد کو تشدد، اغوا اور نفسیاتی نقصان اٹھانا پڑا ہے جب کہ خواتین کو زیادہ شدید زیادتیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
افغانستان ہیومن رائٹس کوآرڈینیشن میکانزم کے ایک کنسورشیم کی طرف سے جمعرات کو جاری کیے گئے ایک سروے کے مطابق افغانستان میں انسانی حقوق کے محافظوں اور ملک سے چلے جانے والوں کو مسلسل خطرات کا سامنا ہے جن میں گرفتاری، اغوا، تشدد، قید اور خاندان کے افراد کے خلاف تشدد شامل ہیں۔
اس کنسورشیم کو فریڈم ہاؤس نے افغان کینیڈین سول سوسائٹی فورم کے تعاون سےیہ جائزہ مرتب کرنے کی سہولت فراہم کی ہے ۔
فریڈم ہاؤس کے صدر مائیکل جے ابرامووٹز نے کہا کہ افغانستان کےافراد کو لاقانونیت کی ایک نئی سطح کا سامنا ہے کیونکہ گرفتاریاں اور ماورائے عدالت قتل طالبان حکمرانی کی ایک واضح خصوصیت بن چکے ہیں۔
انسانی حقوق کےلیے کوشاں افغان افراد خوف کا شکار ہیں اور انہیں سنگین چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
بین الاقوامی برادری کو ایک آزاد اور زیادہ منصفانہ افغانستان کے لیے ان کارکنوں کی انتھک کوششوں کی حمایت کو دوگنا کرنا چاہیے۔
امریکی وزیر خزانہ کا سینکگال، زیمبیا اور جنوبی افریقہ کا دورہ
امریکی وزیر خزانہ جینٹ ییلن اس ہفتے سینیگال، زیمبیا اور جنوبی افریقہ کے دورے پر جا رہی ہیں جس کا مقصد تجارت میں توسیع، سرمایہ کاری اور افریقی معیشتوں کے لیے امریکی وابستگی پر بات چیت کریں۔
یہ دورہ صدر جو بائیڈن کے گزشتہ ماہ یو ایس افریقہ لیڈرز سمٹ میں اس وعدے کے بعد سامنے آیا ہے کہ وہ اور ان کی کابینہ کے ارکان 2023 میں افریقہ کا دورہ کریں گے۔
امریکی ٹریژری کے سینئر عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس دورے کا مقصد افریقی حکومتی عہدیداروں، نجی شعبے کے رہنماؤں، کاروباری افراد اور نوجوانوں کے ساتھ خیالات کا تبادلہ کرنا ، امریکہ اور افریقہ کے درمیان اقتصادی تعلقات کو گہرا کرنا اورتجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع کا خاکہ تیار کرنا ہے۔
افغانستان میں سرد کی شدید لہر سے خوراک کی فراہمی میں رکاوٹ سے زندگیوں کو خطرہ لاحق
افغانستان میں اقوام متحدہ کے فلاحی امور کے رابطہ کار ادارے اوچا کا کہنا ہے کہ ملک میں شدید سرد موسم کی وجہ سے مشرقی، مغربی اور شمالی علاقوں میں ہزاروں مویشی ہلاک ہو گئے ہیں۔
ذریعہ معاش اور اثا ثوں کا فقدان ایک ایسے وقت میں افغان خاندانوں کو مزید خطرے میں ڈال رہا ہے جب 21.2 ملین لوگوں کو فوری طور پر خوراک اور زرعی امداد کی ضرورت ہے۔
طالبان کی آفات سے نمٹنے کی وزارت کے مطابق افغانستان کے کئی صوبوں میں رواں ہفتے سردی کے باعث بچوں سمیت 16 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔
موسم کی پیش گوئی میں بتایا گیا ہے کہ سردی کی نئی لہر آئندہ ہفتے افغانستان میں داخل ہوگی۔
اقتصادی بحران نے ہزاروں افغان باشندوں کو بڑھتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے وسائل سے محروم کر رکھا ہے۔