افغانستان میں جنگوں کے ہلاک شدگان کے ورثا اور معذور افراد کو پانچ ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں
کابل میں متعدد معذور افراد کا کہنا ہے کہ انہیں گزشتہ پانچ ماہ سے تنخواہیں اور اجرتیں نہیں ملی ہیں۔
جب کہ طالبان حکومت کی جنگوں میں ہلاک شدگان اور معذور افراد کی وزارت کا کہنا ہے کہ ان افراد کو ان کے معاوضے جلد ادا کر دیے جائیں گے۔
افغانستان میں طالبان کی حکومت کے آغاز سے ہی جنگوں میں ہلاک ہونے والوں کے ورثا اور معذور افراد کے لیے صورت صورت حال کا مقابلہ کرنا ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔
افغانستان کے لیے یورپی یونین کے خصوصی ایلچی ٹامس نکلسن کا قندھار کا دورہ
افغانستان کے لیے یورپی یونین کے خصوصی ایلچی ٹامس نکلسن نے قندھار کا دورہ کیا اور طالبان حکومت کے وزیر خارجہ سے بدھ کو ملاقات کی۔
طالبان کے دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق ملاقات میں یورپی یونین کی چارج ڈی افیئر رفائلہ لوڈیس بھی موجود تھیں۔
طالبان کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ملاقات میں انسانی امداد، سفارت خانوں کو دوبارہ کھولنے، سیکیورٹی، بدعنوانی کے خلاف جنگ اور بعض دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اقوام متحدہ کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل آمنہ محمد کے گزشتہ ماہ صوبے کے دورے کے بعد یورپی یونین کے کسی اعلیٰ عہدیدار کا قندھار کا یہ پہلا دورہ ہے۔
صدر ایردوان کا ترکیہ میں 14 مئی کو قومی انتخابات کرانے کا اعلان
ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ملک میں تباہ کن زلزلے کے باوجود قومی انتخابات 14 مئی کو ہی ہوں گے۔
پارلیمنٹ سے خطاب میں صدر ایردوان نے کہا کہ 14 مئی کو عوام کو جو بہتر لگے گا، وہ کریں گے۔
صدر نے یہ اعلان ایسے وقت میں کیا ہے جب ترکیہ میں گزشتہ ماہ آنے والے ہول ناک زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 45 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
زلزلے کی وجہ سے یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ انتخابات رواں برس کے آخر تک مؤخر ہو سکتے ہیں۔
چین سے مسابقت: امریکہ کا جاپان اور جنوبی کوریا کے ساتھ ڈائیلاگ فورم بنانے کا اعلان
ٹیکنالوجی کے میدان میں چین کا مقابلہ کرنے کے لیے بائیڈن انتظامیہ نے جاپان اور جنوبی کوریا کے ساتھ مل کرایک نیا ڈائیلاگ فورم بنانے کا اعلان کیا ہے۔
فورم کا مقصد سیمی کنڈکٹرز کی فراہمی کو دوست اور اتحادی ممالک تک محدود کرنا بتایا جا رہا ہے۔
امریکہ اس مد میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے اور دنیا بھر میں سیمی کنڈکٹرز بنانے والی کمپنیوں کو امریکی کمپنیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ترغیب دے رہا ہے۔
خیال رہے کہ چین کی الیکٹرانک انڈسٹری سیمی کنڈکٹرز کے حصول کے لیے تائیوان اور جنوبی کوریا سمیت دیگر ملکوں پر انحصار کرتی ہے۔