انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے ٹیسٹ چیمپئن شپ کی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق سری لنکا کی آسٹریلیا کے خلاف فتح کے بعد فہرست میں پڑے پیمانے پر تبدیلی واقع ہوئی ہے۔
سری لنکا نے پیر کو اپنے ہوم گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میں مہمان آسٹریلیا کو ایک اننگز اور 39 رنز سے شکست دی تھی۔
اس تاریخی شکست کے بعد آسٹریلوی ٹیم کو ٹیسٹ فتوحات میں نہ صرف بریک لگ گئی ہے بلکہ وہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی پہلی پوزیشن بھی گنوا چکی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نئی ٹیسٹ چیمپئن رینکنگ کے مطابق سری لنکن ٹیم پاکستان، بھارت اور ویسٹ انڈیز کو پیچھے چھوڑ کر چھٹی سے تیسری پوزیشن پر آ گئی ہے جب کہ آسٹریلوی ٹیم ایک درجہ تنزلی کے بعد پہلی سے دوسری پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم کی جیت کا تناسب 71 اعشاریہ چار تین ہے اور وہ پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ آسٹریلیا 70 کے تناسب کے ساتھ دوسرے اور 54 اعشاریہ ایک سات کے تناسب کے ساتھ سری لنکا کا تیسرا نمبر ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی عالمی رینکنگ میں پہلی دو پوزیشن پر موجود ٹیموں کے درمیان 2023 میں چیمپئن شپ کا فائنل کھیلا جائے گا۔
آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے ایڈیشن کا فائنل جون 2021 میں کھیلا گیا تھا جس میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو شکست دی تھی۔
دفاعی چیمپئن کیویز ٹیم پہلے ہی 2023 میں ہونے والے فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔
سری لنکا نے آسٹریلیا کو شکست دے کر آئندہ برس کھیلے جانے والے فائنل کی دوڑ کے لیے راہ ہموار کر لی ہے۔ اس کا اگلا امتحان پاکستان کے خلاف ہے جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز 16 جولائی سے شروع ہو گی۔
آسٹریلوی ٹیم ٹیسٹ چیمپئن شپ کی اگلی سیریز ویسٹ انڈیز کے خلاف رواں برس نومبر میں اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلے گی۔
سری لنکا کی آسٹریلیا کے خلاف جیت کے بعد پاکستان ٹیم آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ رینکنگ میں تیسرے سے چوتھے نمبر پر چلی گئی ہے جب کہ بھارت کی ٹیم پانچویں اور ویسٹ انڈیز چھٹے نمبر پر آگئی ہے۔