نیپال میں 7.8 شدت کے زلزلے کو تین روز گزر چکے ہیں اور یہاں امریکہ، چین، جرمنی اور اسرائیل کی طرف سے بھیجی گئی طبی اور دیگر امدادی ٹیمیں مصروف عمل ہیں۔
زلزلے سے اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق 80 لاکھ کے لگ بھگ لوگ متاثر ہوئے ہیں جب کہ ہزاروں زخمی اب بھی مختلف عارضی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
نیپال میں زلزلہ متاثرین کی امداد کے لیے دنیا بھر میں لوگوں سے عطیات دینے کی اپیل کی گئی ہے اور مختلف بڑی غیر سرکاری تنظیموں کی طرف سے اس ضمن میں عطیات دینے والوں کی رہنمائی کا انتظام کیا گیا ہے۔
چیریٹی نیویگیٹر اور گائیڈ اسٹار دو ایسی تنظیمیں ہیں جنہوں نے ملنے والی عطیات کے استعمال سے متعلق تفصیل اور جائزہ اپنی اپنی ویب سائٹس پر فراہم کیا ہے۔
امریکیئرز اور کیئر نامی تنظیمیں اس وقت نیپال میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں جب کہ ڈاکٹرز ودآوٹ بارڈرز اپنی طبی اور امدادی ٹیمیں روانہ کر رہی ہے۔ ڈائریکٹ ریلیف نامی تنظیم ہنگامی طبی امداد اور دیگر طبی آلات کے لیے نقد رقم فراہم کر رہی ہے۔
دی امریکن جیوش جوائنٹ ڈسٹری بیوشن طبی امداد کے علاوہ، خوراک، پانی اور دیگر امدادی فراہم کر رہی ہے۔ سیوو دی چلڈرن نے متاثرہ علاقوں میں بچوں اور خاندانوں کے لیے امدادی سامان پہنچانے کا بندوبست کیا ہے۔
دی ریڈ کراس نیپال میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کا بندوبست کرنے کے علاوہ تلاش اور امداد کی سرگرمیوں میں بھی حصہ لے رہی ہے۔
امریکہ میں قائم سیوا فاؤنڈیشن نامی غیر سرکاری تنظیم نابینا پن کے علاج کے لیے کام کرتی ہے۔ یہ تنظیم ایک عرصے سے نیپال میں موجود ہے اور زلزلے کے بعد اس نے ایک ہنگامی امدادی فنڈ بھی قائم کردیا ہے۔
ایک اور موقر تنظیم آکسفام کے کارکنان پہلے ہی متاثرہ علاقوں میں مصروف عمل ہیں اور اب اس نے متاثرین تک خوراک اور پانی کی جلد فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ایک نیا سلسلہ شروع کیا ہے۔
کیتھولک ریلیف سروسز ہنگامی امدادی سامان (ترپال، عارضی پناہ گاہ، پانی اور نکاسی آب سے متعلق اشیا) کی خریداری میں مصروف ہے جو کہ نیپال میں متاثرین تک پہنچائی جائیں گی۔
نیپال میں زلزلہ زدگان کی امداد کرنے کے خواہشمند ان تنظیموں کی ویب سائٹس سے مزید معلومات حاصل کر کے اس عمل میں شریک ہو سکتے ہیں۔