پاکستان کے صوبے بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں ریلیف آپریشن کے دوران لاپتا ہونے والے فوجی ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا ہے۔ واقعے میں کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹننٹ جنرل سرفراز علی سمیت چھ فوجی افسران ہلاک ہوئے ہیں۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ''بدقسمت ہیلی کاپٹر کا ملبہ لسبیلہ کے علاقے وندر کے موسیٰ گوٹھ سے مل گیا ہے۔''
آئی ایس پی آر کے مطابق اس واقعے میں لیفٹننٹ جنرل سرفراز علی سمیت تمام چھ افسران اور اہلکار جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہیلی کاپٹر حادثے میں اعلٰی فوج افسران کی جانیں جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام افراد سیلاب زدگان کی مدد کے لیے سرگرم تھے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پوری قوم پاک فوج کے ان بہادر سپوتوں کی شہادت پر افسردہ ہے۔
اس سے قبل ایس ایچ او ساکران پولیس اسٹیشن نبی بخش نے وائس آف امریکہ کے نمائندے مرتضیٰ زہرہ کو تصدیق کی تھی کہ گزشتہ شب لسبیلہ کے علاقے حاجی موسیٰ گوٹھ کے قریب سے ہیلی کاپٹر کا ملبہ ملا ہے۔
واضح رہے کہ پیر کو پاکستان فوج کے ترجمان نے بتایا تھا کہ بلوچستان میں ریلیف آپریشن میں مصروف ایک فوجی ہیلی کاپٹر لاپتا ہوگیا ہے۔ جس میں کور کمانڈر 12 کور (کوئٹہ) سمیت چھ افراد سوار تھے۔
وائس آف امریکہ کے نمائندے مرتضیٰ زہری سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر کے قریب سے دو لاشیں ملی ہیں جن کی شناخت اب تک نہیں ہوسکی ہے۔ البتہ دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔
ان کے بقول مقامی چراوہوں نے پولیس کو بتایا ہے کہ حاجی موسیٰ گوٹھ میں رات کے وقت ایک دھماکے کی آواز سنی گئی تھی جو ہیلی کاپٹر تباہ ہونے کی آواز تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور دیگر فورسز مقامی افراد کی مدد سے اس مقام پر پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔
ایس ایچ او کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ شب لاپتا ہونے والے ہیلی کاپٹر کی تلاش شروع کی تھی اور اس آپریشن میں پاکستان فوج کے دو ہیلی کاپٹر بھی حصہ لے رہے تھے۔
اس سے قبل پیر کو ترجمان پاکستان فوج نے بتایا تھا کہ آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں سیلاب زدگان کی امدادی کارروائیوں میں مصروف تھا کہ اس ایئرٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
انہوں نے کہا تھا کہ کور کمانڈر بلوچستان میں امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے تھے۔
اگرچہ فوج کی جانب سے ہیلی کاپٹر میں موجود افراد کی شناخت نہیں بتائی گئی تھی مگر سوشل میڈیا پر یہ اطلاعات زیرِ گردش تھی کہ اس میں کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز کے علاوہ دو میجر رینک کے پائلٹس، دو بریگیڈیئر اور ایک لانس نائیک موجود تھے۔
کورکمانڈر کوئٹہ لیفٹننٹ جنرل سرفراز علی پاکستان فوج کی اہم کورکی کمان کر رہے تھے۔ اس سے پہلے وہ ملٹری انٹیلی جنس کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔