رسائی کے لنکس

لسبیلہ کے قریب فوجی ہیلی کاپٹر لاپتا، کور کمانڈر سمیت 6 افراد سوار ہیں، آئی ایس پی آر


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان فوج کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ بلوچستان میں ریلیف آپریشن میں مصروف ایک فوجی ہیلی کاپٹر لاپتا ہوگیا ہے جس میں کورکمانڈر 12 کور (کوئٹہ) لیفٹننٹ جنرل سرفراز سمیت 6 افراد سوار ہیں۔

ترجمان کے مطابق پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر لسبیلہ بلوچستان میں سیلاب زدگان کے لیے امدادی کارروائیوں میں مصروف تھا کہ اس کا ائیر ٹریفک کنٹرول کے ساتھ رابطہ منقطع ہوگیا۔ اس ہیلی کاپٹر میں کورکمانڈر کوئٹہ لیفٹننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 افراد سوار تھے۔ کورکمانڈر کوئٹہ امدادی سرگرمیوں کی بلوچستان میں نگرانی کررہے تھے۔ اس ہیلی کاپٹر کے لاپتا ہونے کے بعد سرچ آپریشن جاری ہے۔

اس ہیلی کاپٹر کے غائب ہونے سے متعلق سوشل میڈیا پر متضاد اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔

پاکستان فوج کی طرف سے ہیلی کاپٹر میں موجود دیگر افراد کی شناخت نہیں بتائی گئی البتہ سوشل میڈیا پر آنے والی اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر میں کور کمانڈر کوئٹہ کے علاوہ دو میجر رینک کے پائلٹس، دو بریگیڈیئر اور ایک لانس نائیک موجود تھے۔

اس ہیلی کاپٹر کی تلاش کے لیے پاکستان فوج کے ہیلی کاپٹر علاقے میں کام کررہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر بعض اکاونٹس سے ، مقامی ذرائع کے حوالے سے دعوی کیا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا ہے لیکن پاکستان فوج کی طرف سے اب تک اس کی تصدیق نہیں کی گئی اور کہا گیا ہے کہ سرچ آپریشن جاری ہے۔

کورکمانڈر کوئٹہ لیفٹننٹ جنرل سرفراز علی پاکستان فوج کی اہم کورکی کمان کررہے ہیں اور اس سے پہلے وہ ملٹری انٹیلی جنس کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG