رسائی کے لنکس

یمن: دارالحکومت صنعاء میں بڑا احتجاجی مظاہرہ


یمن: دارالحکومت صنعاء میں بڑا احتجاجی مظاہرہ
یمن: دارالحکومت صنعاء میں بڑا احتجاجی مظاہرہ

یمن کے ہزاروں شہریوں نے دارالحکومت صنعاء میں ایک بڑا مظاہرہ کیا ہے جس میں ان کا مطالبہ تھا کہ اہم عہدوں پر تعینات صدر علی عبداللہ صالح کے تمام رشتہ دار عہدوں سے مستعفی کر ملک سے چلے جائیں۔

پیر کے روز ہونے والے مظاہرے کے شرکاء نے مسٹر صالح کے خاندان کے افراد کی مرکزی فوجی عہدوں سے برطرفی خاص طور پر صدر صالح کے بیٹے احمد صالح کی برطرفی کا مطالبہ کر رہے تھے جو صدارتی گارڈز کے کمانڈر ہیں۔

ادھر سعودی عرب میں علاج کی غرض سے مقیم صدر صالح کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے۔ یمنی صدر رواں ماہ کے آغاز میں صنعاء میں واقع صدارتی محل پر کیے گئے ایک راکٹ حملے میں زخمی ہوگئے تھے اور انہیں بعد ازاں طبی امداد کی غرض سے سعودی عرب منتقل کردیا گیا تھا۔

یمنی حکام کا کہنا ہے کہ صدر صالح "آئندہ چند روز" میں وطن واپس لوٹ آئیں گے۔ تاہم فرانسیسی خبر رساں ایجنسی نے جمعہ کے روز ایک سعودی اہلکار کے حوالے سے کہا تھا کہ یمنی صدر اب وطن واپس نہیں جائیں گے۔

اس سے قبل جمعہ کے روز بھی یمن کے مختلف شہروں میں صدر صالح کی مخالفت اور حمایت میں ریلیوں اور مظاہروں کا انعقاد کیا گیا تھا۔ جمعہ کی نماز کے بعد ہونے والے ان مظاہروں میں شریک افراد نے ہاتھوں میں یمن کے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور وہ صدر صالح کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔

XS
SM
MD
LG