رسائی کے لنکس

یونس خان نے عہدہ چھوڑ دیا، کیا ٹیم بیٹنگ کوچ کے بغیر انگلینڈ جائے گی؟


پی سی بی نے گزشتہ برس نومبر میں یونس خان کے ساتھ دو برس کا معاہدہ کیا تھا۔
پی سی بی نے گزشتہ برس نومبر میں یونس خان کے ساتھ دو برس کا معاہدہ کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کی ہے کہ کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان باہمی 'اتفاقِ رائے' سے اپنے عہدے سے سبک دوش ہو گئے ہیں۔ یونس خان کو گزشتہ برس نومبر میں دو سال کے لیے قومی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔

منگل کو پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان کا کہنا تھا کہ فریقین نے طویل مشاورت کے بعد باہمی اتفاق رائے سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یونس خان جیسی قد آور اور تجربہ کار شخصیت کو کھونا افسوس ناک ہے۔

بعض کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ اسکرونٹی اور تنقید برداشت کرنا یونس خان کا مزاج نہیں اور ماضی میں بھی کرکٹ بورڈ کے ساتھ کئی معاملات پر اُن کے اختلافات سامنے آتے رہے ہیں۔

البتہ کرکٹ بورڈ نے اعلامیے میں کہا ہے کہ پی سی بی اور یونس خان نے اس معاملے پر مزید کوئی تبصرہ نہ کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

اس فیصلے کے بعد یونس خان پاکستان کرکٹ ٹیم کے رواں ماہ شروع ہونے والے دورۂ انگلینڈ اور اس کے بعد دورۂ ویسٹ انڈیز کے لیے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

پی سی بی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یونس خان کے متبادل کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔

سینئر اسپورٹس تجزیہ کار شاہد ہاشمی نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ایسا کبھی نہ کبھی ہونا ہی تھا کیوں کہ یونس خان قومی ٹیم کی سلیکشن پر کھل کر تنقید کرتے تھے۔

شاہد ہاشمی کے بقول، یونس خان کا مؤقف رہا ہے کہ قومی ٹیم کی سلیکشن سوشل میڈیا کے دباؤ کے تحت کی جاتی ہے جب کہ بطور بیٹنگ کوچ اُن کے کام میں بھی بے جا مداخلت کی جاتی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کو بیٹنگ کے حوالے سے کافی عرصے سے مسائل کا سامنا ہے۔ یونس خان کی بطور بیٹنگ کوچ تقرری کے بعد کرکٹ حلقوں نے اُمید ظاہر کی تھی کہ تجربہ کار بلے باز کے تجربے سے ٹیم کی بیٹنگ صلاحیتوں میں نکھار آئے گا۔

لیکن، یونس خان کی اچانک عہدے سے سبک دوشی پر کرکٹ کے بعض حلقے حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔

یونس خان کو گزشتہ برس دورۂ انگلینڈ کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کنسٹلنٹ مقرر کیا گیا تھا۔ تاہم، نومبر 2020 میں اُن کے ساتھ پی سی بی نے دو برس کا معاہدہ کیا تھا جس کی میعاد آئندہ برس آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک تھی۔

اُن کے دور میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں شکست ہوئی تھی۔ تاہم، پاکستان اور جنوبی افریقہ میں کھیلی گئی سیریز میں پاکستان نے تینوں فارمیٹس میں کامیابی حاصل کی تھی۔

ماضی میں بطور کھلاڑی بھی یونس خان اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان تعلقات میں اُتار چڑھاؤ آتا رہا ہے۔ 2009 میں کرکٹ بورڈ کے ساتھ اختلافات کے باعث وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے بھی دست بردار ہو گئے تھے۔

یونس خان نے 2017 میں دورۂ ویسٹ انڈیز کے بعد ریٹائرمنٹ لے لی تھی جس کے بعد بطور بیٹنگ اُن کی یہ پہلی تقرری تھی۔

یونس خان پاکستان کی جانب سے 118 ٹیسٹ میچز، 265 ون ڈے اور 25 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔

انہوں نے ٹیسٹ میچز میں 10 ہزار 99، ون ڈے کرکٹ میں سات ہزار 249 جب کہ ٹی ٹوئنٹی میچز میں 442 رنز اسکور کیے ہیں۔

XS
SM
MD
LG