صدر آصف علی زرداری کراچی سے دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ ایوان صدر سے جاری ہونے والے ایک مختصر بیان میں کہا گیا کہ صدر مملکت بدھ کی شب وفاقی دارالحکومت پہنچے۔
اس سے قبل صدر زرداری اتوار کو خصوصی طیارے کے ذریعے دبئی سے کراچی پہنچے تھے جہاں اُنھوں نے اپنی نجی رہائش گاہ بلاول ہاؤس میں قیام کیا اور وہاں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سمیت کئی سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کی تھیں۔
صدر زرداری عارضہ قلب کی علامات ظاہر ہونے کے بعد 6 دسمبر کی شب علاج کی غرض سے اچانک دبئی روانہ ہو گئے تھے، جہاں اُن کی تمام طبی معائنہ رپورٹس کو معالجین نے نارمل قرار دیا تھا۔
دبئی روانگی کے بعد صدر مملکت کی صحت اور ان کے مستقبل کے بارے میں قیاس آرائیوں کا نا رکنے والا سلسلہ شروع ہو گیا تھا جس میں ان کے مستعفی ہونے کے امکانات بھی شامل تھے۔
تاہم پیپلز پارٹی نمائندوں کا کہنا ہے کہ صدر زرداری کی وطن واپسی سے یہ تمام قیاس آرائیاں غلط ثابت ہوئی ہیں۔