رسائی کے لنکس

صدر زرداری کی سیاسی سرگرمیاں شروع


صدر زرداری سے چیئرمین سینٹ کی ملاقات
صدر زرداری سے چیئرمین سینٹ کی ملاقات

صدر آصف علی زرداری نے دبئی سے واپسی کے بعد معمول کی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔

پیر کو کراچی میں اُنھوں نے صوبہ سندھ کے گورنر عشرت العباد، وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ اور سینیٹ کے چیئرمین فاروق ایچ نائک سے ملاقاتیں کیں۔

یہ ملاقاتیں صدر زرداری کی اپنی ذاتی رہائش گاہ بلاول ہاؤس میں ہوئیں، جسے صدارتی کیمپ آفس کا درجہ بھی حاصل ہے۔

سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے مناظر میں صدر مملکت بظاہر پر سکون دیکھائی دیے۔

اُدھر صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر کا کہنا ہے کہ ترکی کے صدر عبداللہ گل نے بھی پیر کی دوپہر اپنے پاکستانی ہم منصب سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے اُن کی خیریت دریافت کی۔

صدر زرداری عارضہ قلب کی علامات ظاہر ہونے کے بعد 6 دسمبر کی شب علاج کی غرض سے اچانک دبئی روانہ ہو گئے تھے، جہاں اُن کے طبی معائنوں اور جائزوں کے نتائج کو معالجین نے نارمل قرار دیا تھا۔

اُن کی بیرون ملکی روانگی کے بعد ہر قسم کی قیاس آرائیوں کا نا رکنے والا سلسلہ شروع ہو گیا، جس میں ان کے مستعفی ہونے کے امکانات بھی شامل تھے۔

تاہم صدر زرداری کی وطن واپسی پر حکمران پیپلز پارٹی کے نمائندوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اب قیاس آرائیوں کا یہ سلسلہ بند ہو جانا چاہیئے۔

XS
SM
MD
LG