رسائی کے لنکس

ایمن الظواہری کی پاکستانی حکومت پر نکتہ چینی


ایمن الظواہری (فائل فوٹو)
ایمن الظواہری (فائل فوٹو)

القاعدہ کے دوسرے بڑے لیڈر الظواہری نے کہا ہے کہ پاکستان سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کرنے میں ناکام رہا ہے اور انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔

ایمن الظواہری نے یہ الزام بدھ کے روز ایک عسکریت پسند ویب سائٹ پرپوسٹ کی جانے والی اپنی44 منٹ دورانیے کی تقریر میں لگایا۔ اس تقریر کامقصد بظاہر 11 ستمبر 2001ء کی یاد مناناتھا جس میں امریکہ میں تقریباً تین ہزار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

القاعدہ کے لیڈر نے پاکستانی حکومت پربدعنوانی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ حکومتی عہدے دارلوگوں کی مدد کرنے کی بجائے دولت سمیٹنے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔

الظواہری نے پاکستان کے صدر آصف علی زرداری کو ’’چور‘‘ قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ مغرب کے ساتھ اپنے رابطے استوار کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

بہت سے پاکستانی سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے حکومتی کوششوں پر نکتہ چینی کرچکے ہیں اور کئی لوگ سرکاری عہدے داروں پرا مدادی سامان خوردبرد کرنے کا الزام بھی عائد کرچکے ہیں۔

امریکہ سمیت مغربی ممالک خبردار کرچکے ہیں کہ عسکریت پسند لوگوں کی ہمدردیاں جیتنے کے لیے اس قدرتی آفت کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

پاکستان میں اپنی نوعیت کے سب سے بڑے سیلابوں میں 1700 سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد دو کروڑ کے لگ بھگ ہے۔

الظواہری کے بارے میں خیال ہے کہ القاعدہ کے لیڈر اسامہ بن لادن کے ساتھ افغان سرحد کے قریب پاکستان کے شمال مشرقی قبائلی علاقے میں روپوش ہے۔

XS
SM
MD
LG