جماعت اسلامی کے رہنما کی ہلاکت، ہڑتال کا اعلان

ڈاکٹر پرویز محمود

اُنھیں پیر کی رات نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا
جماعت اسلامی نے پارٹی کے رہنما اور لیاقت آباد ٹاون کے سابق ناظم ڈاکٹر پرویز محمود کی ہلاکت کے خلاف بدھ کو ہڑتال اور یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔

منگل کے روز اُن کی نماز جنازہ نمائش چورنگی پر ادا کی گئی، جس میں رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مقتول رہنما کی میت کو وزیراعلی ہاوٴس کے باہر رکھ کر پارٹی کے
کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقعے پر جماعت اسلامی کے رہنما حسین محنتی نے بدھ کو ہڑتال کا اعلان کیا۔

اُنھیں پیر کی رات نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ اس واقعے کی بعد جب ان کی لاش کو اسپتال پہنچایا گیا تو مشتعل کارکنوں نے اسپتال میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کی۔


منگل کے روز مقتول رہنما کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہر بھر میں حالات کشیدہ رہے اور پارٹی کے کارکنوں نے ہوائی فائرنگ کرکے شہر بھر کی مارکیٹیں بند کرادیں۔