ویب ڈیسک۔ وائٹ ہاؤس میں ملنے والے سفید پاؤڈر کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ کوکین پاؤڈر تھا۔ اتوار کو دیر گئے یہ پاؤڈر وائٹ ہاؤس میں پائےجانےپر صدارتی کمپلیکس کے ایک حصے کو بند کرنا پڑا تھا۔
رائٹرز نے اخبار واشنگٹن پوسٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ واشنگٹن فائر ڈیپارٹمنٹ نے منگل کے روز اس پاؤڈر کی شناخت کوکین بتائی ہے۔
سیکرٹ سروس نے بھی تصدیق کی ہے کہ وہ " نامعلوم شے" وائٹ ہاؤس کے ایک حصے کو بند کرنے کا باعث بنی۔ تاہم رائٹرز کے باقی سوالوں کے جوابات کے لیے واشنگٹن فائر ڈیپارٹمنٹ سے رجوع کرنے کے لیے کہا گیا۔
سیکرٹ سروس کے ایک ترجمان نے ایک ای میل پیغام میں کہا، " اتوار کی شام، وائٹ ہاؤس کمپلیکس کو حفاظتی انتظامات کے تحت بند کیا گیا جبکہ "سیکرٹ سروس یونیفارمڈ ڈویژن کے افسروں نے کام کے ایک حصے میں پائی جانے والی 'نامعلوم شے' کے بارے میں چھان بین شروع کی۔"
SEE ALSO: ٹرمپ نے امریکی سیکیورٹی کے بعض حساس ترین راز خطرے میں ڈالے : سپیشل پراسیکیوٹرترجمان کے مطابق یہ 'نامعلوم شے' وائٹ ہاؤس کے ویسٹ ونگ میں پائی گئی تھی۔ ویسٹ ونگ ، ایگزیکیٹو مینشن سے ملحق علاقہ ہے جہاں صدر کی رہائش ہے اور وہاں اوول آفس، کیبنٹ روم، اور پریس روم واقع ہے جبکہ صدر کے معاونین اور عملے کے دفاتر اور کام کی جگہ بھی یہیں ہے۔
جب یہ واقعہ پیش آیا، صدر بائیڈن وائٹ ہاؤس میں نہیں تھے۔ وائٹ ہاؤس کے ویسٹ ونگ سےروزانہ سینکڑوں لوگ گزرتے ہیں یا وہاں کام کرتے ہیں۔
Your browser doesn’t support HTML5
سیکرٹ سروس نے مزید بتایا کہ دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے فائر ڈیپارٹمنٹ کو فوری اطلاع دی گئی اور انہوں نے معائنے کے بعد بتایا کہ کہ وہ کوئی خطرناک شے نہیں تھی۔
سیکرٹ سروس کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اس بارے میں چھان بین کی جا رہی ہے کہ وہ پاؤڈر کیسے اور کن حالات میں وائٹ ہاؤس پہنچا۔
رائٹرز کے مطابق واشنگٹن پوسٹ کی خبر ہے کہ ڈی سی فائر ڈیپارٹمنٹ کے خطرناک مواد کے شعبے کی ٹیم کے ایک فائر فائٹر نے اس 'نامعلوم شے' کے ٹیسٹ کے نتائج کے بارے میں ریڈیو سسٹم پر، آن لائن ایمر جنسی ٹیم سے حاصل ہونے والے ریکارڈ کے حوالے سے اعلان کیا،" ہمارے پاس زرد رنگ کی ایک بار ہے جسے کوکین ہائیڈرو کلورائیڈ کہا جاتا ہے۔"
دو مزید عہدیداروں نے واشنگٹن پوسٹ کو تصدیق کی کہ وائٹ ہاؤس میں ملنے والا مواد کوکین ہی تھا۔
اس رپورٹ کا مواد رائٹرز سے لیا گیا ہے۔