بھارت ملکی ساختہ ہتھیاروں پر انحصار بڑھائے: جنرل بپن راوت

بھارت کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت (دائیں طرف سے دوسرے) فوج کے دیگر سربراہوں کے ساتھ

بھارت کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بیپن راوت نے اخبار دی انڈین ٹائمز کو ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ نہ تو غیر ملکی ہتھیار خریدے اور نہ ہی ان پر انحصار کرے۔ راوت چاہتے ہیں کہ بھارت اپنے بنائے گئے ہتھیاروں سے ملکی ضروریات پوری کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہم توسیع پسندانہ طاقت نہیں ہیں اور نہ ہی ہمیں پوری دنیا میں اپنی فورسز تعینات کرنا ہیں۔ اس لیے ہمیں ایسے ہتھیار درآمد کرنے نہیں چاہیئں، جو ہماری عسکری ضروریات سے مطابقت نہ رکھتے ہوں۔

بھارت دنیا کے دوسرے ملکوں کی طرح کرونا وائرس کی وجہ سے اقتصادی مشکلات کا شکار ہے۔ جہاں تک غیر ملکی ہتھیار خریدنے کا تعلق ہے تو دنیا میں سعودی عرب کے بعد بھارت کا دوسرا نمبر ہے جو سب سے زیادہ مقدار میں غیر ملکی اسلحہ خریدتا ہے۔

جنرل راوت نے کہا کہ بھارت کو اپنی ملکی دفاعی صنعت کو فوقیت دینی چاہیے، خواہ ان کا معیار تیکنیکی طور پر غیر ملکی اسلحہ سے کم تر ہی کیوں نہ ہو۔ ہمیں بھارت ساختہ ملکی دفاعی صنعت کو فروغ دینا ہو گا، چاہے شروع میں ان کے بنائے ہوئے ہتھیاروں کا معیار غیر ملکی ہتھیاروں کے مقابلے میں 70 فی صد ہی کیوں نہ ہو۔