عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ، اڈیل نے بدھ کے روز اپنے انسٹاگرام پیج پر تصویر پوسٹ کی ہے، جس میں وہ لوگوں کا ان کی سالگرہ پر دی گئی مبارکباد پر شکریہ ادا کرتی نظر آ رہی ہیں۔ مگر اس تصویر کے باعث عالمی سوشل میڈیا پر ایک طوفان برپا ہو گیا ہے۔
اس تصویر میں ‘ہیلو’ اور ‘سکائی فال’ جیسے شہرت یافتہ گانوں سے پہچانی جانے والی گلوگارہ پہلے سے کہیں دبلی نظر آ رہی ہیں۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں برتھ ڈے کی مبارکبا پر شکریے کے علاوہ اس بات کی بھی امید کی کہ لوگ کرونا وائرس کے دوران محفوظ رہ رہے ہیں۔
ساتھ ہی گلوکارہ نے عالمی وبا کے دوران طبی عملے اور ضروری ورکرز کا بھی شکریہ ادا کیا جو سب کی حفاظت کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
اس تصویر کو اب تک پچاس لاکھ لوگوں نے لائیک کیا ہے اور ایک لاکھ چھبیس ہزار افراد نے اس پر تبصرے کیے ہیں۔ ان کی اس تصویر پر انٹرٹینمنٹ سے تعلق رکھنے والے بہت سے ستاروں نے تبصرے کیے ہیں۔
ناگرو روبلز نے لکھا کہ آپ نے ایسا دکھنے کے لیے بہت محنت کی ہو گی اور میں آپ کے لیے بہت خوش ہوں، مگر میں آپ کو کہنا چاہتی ہوں کہ میرے لیے آپ ہمیشہ خوبصورت اور دلکش تھیں۔
اس تصویر کے بعد عالمی سوشل میڈیا پر #Adele ٹرینڈ کر رہا ہے اور جہاں اڈیل کے نئے روپ کو سراہا بھی لیا جا رہا ہے وہیں یہ بات بھی کی جا رہی ہے کہ اڈیل کا جسمانی وزن ان کی خوب صورتی پر اثر انداز نہیں ہوتا۔
بلاگر ملیسا بلیک نے لکھا کہ اڈیل اس لیے ٹرینڈ کر رہی ہیں کہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ وزن گھٹا کر وہ خوب صورت لگ رہی ہیں، جب کہ ایسا نہیں ہے۔ آپ کا وزن آپ کی خوب صورتی کا معیار نہیں ہے۔ وزن آپ کی اہمیت گھٹاتا بڑھاتا نہیں ہے۔
ایک صارف فاڈیرہ نے لکھا کہ اڈیل کے وزن گھٹانے کی تعریف کرنے سے پہلے یاد رکھیں کہ بہت سے لوگوں کو زیادہ کھانے کی بیماری بھی ہوتی ہے اور ان کے لیے آپ کے الفاظ اس بات کی یقین دہانی ہوں گے کہ دبلا ہونے سے ہی ان کی اہمیت قائم ہو سکتی ہے۔
ایک اور پاکستانی صارف اشنا نے کہا کہ صرف اس لیے کہ اڈیل نے اپنا وزن گھٹایا ہے، اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کو بھی لازماً یہ کرنا ہوگا۔
عائشہ اظہر نے لکھا کہ اڈیل جیسی دکھ رہی ہیں انہیں وہ بہت پسند ہے مگر وہ پہلے بھی بہت خوبصورت دکھتی تھیں۔ ہر کسی پر دبلا ہونا لازم نہیں ہے۔
ماضی میں ان کے وزن پر ہونے والی تنقید کے جواب میں 60 Minutes Australia کو دئے گئے اپنے انٹرویو میں اڈیل نے کہا تھا کہ ‘‘یہ بات تکلیف دہ ہے کہ مردوں سے ایسا سوال نہیں کیا جاتا۔۔۔ مگر ایسا لگتا ہے کہ لوگ اس بات پر حیران ہیں کہ میں پلس سائز ہونے کے باوجود اتنی کامیاب کیوں ہوں؟’’