نیٹو نے کہا ہے کہ اتوار کو افغانستان میں عسکریت پسندوں کے حملوں میں اُس کے سات غیر ملکی فوجی ہلاک ہوگئے ۔
پانچ اتحادی فوجی مشرقی افغان صوبے میں باغیوں کے ایک حملے میں مارے گئے تاہم نیٹو نے اس واقعہ کی مزید کوئی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔ دو فوجی جنوبی افغانستان میں سڑک میں نصب بم دھماکوں کا نشانہ بنے ۔ مرنے والے فوجیوں کی قومیتوں کے بارے فور ی طور پر کچھ نہیں کہا گیا ہے۔
اس سے قبل 14 اکتوبر کو بھی ایک ہی روز مختلف حملوں میں نیٹو کے سات فوجی ہلاک ہوئے تھے۔
ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق رواں ماہ اب تک اتحادی افواج کے 34 اہلکار مارے جا چکے ہیں جب کہ مجموعی طور پر افغانستان میں اس سال 640 سے زائد غیر ملکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں ۔ نو سال قبل شروع ہونے والی اس لڑائی کے دوران 2010 ء نیٹو کے لیے مہلک ترین سال ثابت ہوا ہے۔
دریں اثناء نیٹو افواج نے کہا ہے کہ مشرقی افغانستان میں اتحادی افواج کے ایک اڈے پر راکٹ حملے میں چھ بکتر بند گاڑیاں تباہ ہو گئی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ اڈے پر موجود تیل کے کنٹینر پر یہ راکٹ لگا جس کے بعد آگ پھیل گئی۔
طالبان نے صوبہ کنڑ کے دارالحکومت میں کیے جانے والے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔