اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں پرتشدد کارروائیوں اور لڑائی کے باعث شہریوں کی ہلاکت میں سال 2009ء کی نسبت گذشتہ سال اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اوراس کے ذمہ دارعسکریت پسند ہیں۔
افغانستان میں اقوام متحدہ کے معاون مشن کی بدھ کو جاری کی گئی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ امریکہ کی زیر قیادت اتحادی افواج کے ہاتھوں اس دوران ہونے والی ہلاکتوں کی تعدد میں ایک چوتھائی کمی واقع ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2010ء میں لڑائیوں کے دوران 2777عام شہری ہلاک ہوئے جو کہ 2009ء کی نسبت پندرہ فیصد زیادہ ہیں۔ ان میں 2080ہلاکتوں کے ذمہ دار عسکریت پسندہیں جب کہ اتحادی افواج پر 440ہلاکتوں کی ذمہ داری عائد کی گئی ۔
رپورٹ میں بقیہ چھ سو سے زائد ہلاکتوں کے متعلق تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔