افغانستان کے مشرقی کنڑ صوبے میں افغان اور نیٹو افواج کی مشترکہ کارروائیوں میں گزشتہ چار روز کے دوران 64 عام شہری ہلاک ہوچکے ہیں جن میں خواتین و بچے بھی شامل ہیں۔
صوبے کے گورنر فضل اللہ واحدی نے اتوار کو ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کوبتایا کہ یہ ہلاکتیں ضلع غازی آباد میں کیے گئے زمینی اور فضائی حملوں میں ہوئی ہیں۔
صوبائی گورنر کے مطابق مرنے والوں میں 20 خواتین شامل ہیں جبکہ ہلاک ہونے والے مرد شہریوں کی عمریں سات اور بیس سال کی درمیان ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ اِن کارروائیوں میں تیرہ عسکریت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔
نیٹو کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ بین الاقوامی افواج اُن اطلاعات کی تحقیقات کررہی ہیں جن کے مطابق فوجی کارروائیوں میں سات افغان شہری زخمی ہوئے لیکن اُن کے پاس شہریوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات نہیں ہیں۔