دنیا میں آن لائن خرید و فروخت کی سب سے بڑی کمپنیوں میں سرِ فہرست ایمیزون برطانیہ کی گروسری کی بڑی چین 'موریسن' کے ساتھ اپنے تجارتی رابطوں کو توسیع دے رہی ہے۔
اس ضمن میں دونوں کے درمیان ایک معاہدہ ہوا ہے جس کے بعد ایمیزون کے پرائم ممبر گروسری کی فری ڈلیوری حاصل کر سکیں گے۔
ایمیزون اور موریسن کے درمیان 2016 سے کاروباری تعلق قائم ہے اور اس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس سے یہ قیاس آرائیاں بڑھ رہی ہیں کہ امریکہ کی کمپنی برطانیہ کی چوتھی بڑی سپر مارکیٹ چین کو خرید سکتی ہے۔
تاہم دونوں کمپنیاں اس طرح کی خبروں پر تبصروں سے عموماً انکار کرتی رہی ہیں۔
کرونا وائرس کی عالمی وبا کے نتیجے میں گروسری کے آن لائن کاروبار میں نمایاں طور پر اضافہ ہوا ہے۔
مارکیٹ ریسرچ کمپنی 'نیلسن' نے منگل کو ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ برطانیہ میں آٹھ اگست تک، گزشتہ 12 ہفتوں کے دوران گروسری کی آن لائن خرید و فروخت میں 14 فی صد اضافہ ہوا ہے جو وائرس کا بحران شروع ہونے سے قبل کے مقابلے میں دو گنا ہے۔
ایمیزون اور موریسن نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ پرائم ممبرز، اب 40 پاؤنڈ یعنی 53 ڈالر سے زیادہ کی گروسری کا آرڈر اسی دن وصول کر سکیں گے اور اُنہیں کسی قسم کے سروس چارجز بھی ادا نہیں کرنا پڑیں گے۔
اگر آرڈر کی مالیت 40 پاؤنڈ سے کم ہوئی تو وہ 3.99 پاؤنڈ اضافی ادا کر کے اسی روز ڈلیوری حاصل کر سکیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایمیزون اور موریسن نے اس سروس کی ابتدا شمالی انگلینڈ کے شہر لیڈز سے کی ہے اور آنے والے ہفتوں میں اس سہولت کا دائرہ برطانیہ میں موجود لاکھوں پرائم ممبرز تک بڑھا دیا جائے گا۔
پرائم ممبرز اس نئی سہولت کے تحت گوشت، سی فوڈ، دودھ کی مصنوعات، بیکری کا سامان، پھل اور سبزیاں آن لائن آرڈر کر کے منگوا سکیں گے۔
سب سے اہم بات یہ ہے کہ ایمیزون کے پرائم ممبرز کو اپنے آرڈر کے لیے کوئی اضافی قیمت ادا نہیں کرنا پڑے گی اور یہ اشیا انہیں اسی قیمت پر فراہم ہوں گی جو وہ سپر اسٹور میں جا کر ادا کرتے ہیں۔
نئے انتظام کے تحت مقامی موریسن اسٹور کا عملہ آرڈر کی چیزوں کو اکھٹا کر کے پیک کرے گا اور ایمیزون اس پیکٹ کو خریدار تک پہنچائے گا۔
یاد رہے کہ برطانیہ میں ایمیزون کے پرائم ارکان کو سالانہ 79 پاؤنڈ فیس ادا کرنی پڑتی ہے اور اس کے بدلے وہ سال بھر نہ صرف اپنے آرڈرز بغیر کسی سروس چارجز کے حاصل کرتے ہیں بلکہ وہ ایمیزون کی فلمیں اور میوزک بھی مفت حاصل کرنے کے اہل ہو جاتے ہیں۔
ایمیزون کے پرائمز ممبرز کو موریسن سے گروسری کی فری ڈلیوری پر پیش رفت کا آغاز گزشتہ مہینے ہوا تھا۔
برطانیہ کی گروسری مارکیٹ میں موریسن کا حصہ 10.2 فی صد ہے۔ دوسرے بڑے اسٹور چینز میں ٹیسکو، وال مارٹ اور اسٹینزبری شامل ہیں۔ اس ہفتے کے شروع میں ٹیسکو کے چیف آپریٹنگ افسر نے کہا تھا کہ انہوں نے اپنے کلب کارڈ پلس کے ممبران کو فری ڈلیوری کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔