|
ویب ڈیسک — امریکہ کی ٹیکنالوجی کمپنی ایمیزون نے اپنے ملازمین کے لیے کرونا وائرس کی وبا سے پہلے کی پالیسی بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس پالیسی کے تحت اب ملازمین کو ہفتے میں پانچ دن دفتر سے کام کرنا پڑے گا۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق ایمیزون کے سی ای او اینڈی جیسی نے پیر کو اپنے پیغام میں کہا کہ کمپنی کرونا وبا سے پہلے کی پالیسی پر واپس جا رہی ہے اور کارپوریٹ ملازمین کو اگلے سال سے ہفتے میں پانچ دن دفتر میں موجود رہنا ہو گا۔
اینڈی جیسی نے ملازمین کے ساتھ شیئر کیے گئے پیغام میں کہا کہ کمپنی کی قیادت گزشتہ کئی ماہ سے اس پر غور کر رہی تھی کہ ہم کیسے ایک دوسرے کے ساتھ زیادہ بہتر طریقے سے رابطے میں رہ کر کام سکتے ہیں تاکہ اپنے صارفین اور کاروبار کو مزید بہتر نتائج دے سکیں۔
سی ای او ایمیزون کے مطابق اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے کمپنی نے فیصلہ کیا ہے کہ ملازمین کو ایمیزون کے دفاتر میں تین کے بجائے دوبارہ پانچ دن بلایا جائے۔
واضح رہے کہ کووڈ 19 کے دوران بہت سی دیگر کمپنیوں کی طرح ایمیزون کے کارپوریٹ ملازمین نے بھی گھر سے یا ریموٹلی کام کیا تھا۔ اس دوران کمپنی نے آن لائن شاپنگ میں بڑا اضافہ دیکھا تھا۔
کمپنی کے سی ای او نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ جب ہم گزشتہ پانچ برسوں کو دیکھتے ہیں تو ہمیں یہ یقین ہوتا ہے کہ دفتر میں ساتھ ہونے کے فوائد زیادہ ہیں۔
ایمیزون کی جانب سے اس پیغام کو اپنی ویب سائٹ پر بھی شیئر کیا گیا ہے جس کے مطابق یہ پالیسی دو جنوری 2025 سے نافذ العمل ہو گی۔
اس سے قبل فروری 2023 میں ایمیزون نے تمام ملازمین کو ہفتے میں تین دن لازمی دفتر آنے کی ہدایت کی تھی۔ اس پالیسی کے خلاف ملازمین کی جانب سے احتجاج بھی دیکھنے میں آیا تھا۔
SEE ALSO: ایمیزون کے خلاف وفاقی ٹریڈ کمیشن اور 17 ریاستوں کامقدمہبعد ازاں کچھ مہینوں بعد سی ای او اینڈی جیسی نے ملازمین سے کہا تھا کہ جو اس تبدیلی سے خوش نہیں ہیں انہیں 'اختلاف اور عزم' رکھنے کی پالیسی کے بارے میں سیکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا تھا کہ جن لوگوں نے ایسا کرنے سے انکار کیا ہے "یہ شاید ان کے کام نہیں آئے گا۔"
پیر کو اپنے بیان میں سی ای او ایمیزون نے مزید کہا کہ کمپنی نے نوٹ کیا ہے کہ ملازمین جب اکٹھے ہوتے ہیں تو ان کے لیے ایمیزون کا کلچر سیکھنا، اس پر عمل کرنا، مضبوط کرنا اور سوچ بچار کرنا آسان ہوتا ہے۔
ان کے بقول گزشتہ 15 ماہ میں جب ہم نے کم از کم تین دن دفتر سے کام کیا تو اس سے دفتر سے کام کے فوائد کے بارے میں ہمارا یقین مضبوط ہو گیا ہے۔
اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔