امریکہ: 2021 کے لیے 740 ارب ڈالر کا دفاعی بجٹ پیش

امریکی فضائیہ کے جدید ایف 35 لڑاکا طیارے۔ فائل فوٹو

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز کانگریس میں سال 2021 کے لیے 740.5 ارب ڈالر کی بجٹ تجاویز بھیجی ہیں۔

فوج کو ملنے والے بجٹ میں ایسے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں جس کے ذریعے سیکیورٹی فورسز کو امکانی مستقبل اور جدید دور کی لڑائیوں کے لیے تیار کیا جا سکے گا۔

بجٹ میں جوہری ڈیٹرنس اور دفاعی میزائل سسٹم کو ترجيج دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہر شعبے میں کمپیوٹر اور خلا سے مقابلہ کرنے کی صلاحیتوں کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی، جن میں بحر، بر، فضا اور خلا شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجیز، ہائپرسونکس، مائیکرو الیکٹرنکس، فائیو جی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کو بھی بروئے کار لایا جائے گا۔

مجوزہ بجٹ، موجودہ سال کے بجٹ سے تھوڑا سا زیادہ ہے۔ جس کی وجہ سے مالی وسائل کا رخ ترجیحی شعبوں کی جانب موڑنے کے لیے بہت سے اہم اور دشوار فیصلے کیے گئے ہیں۔

مجوزہ بجٹ کا ایک بڑا حصہ یعنی 106.6 ارب ڈالر نئی اور اہم ٹیکنالوجیز کے لیے مختص کیا گیا ہے۔

محکمہ دفاع اس سلسلے میں کئی اہم ٹیکنالوجیز پر سرمایہ کاری کر رہا ہے جو جدید دور کی جنگوں کے لیے ضروری ہیں۔ ان میں ہائپر سونکس، مائیکرو الیکٹرانکس، فائیو جی، اور مصنوعی ذہانت شامل ہیں۔

بجٹ میں فوج کے اہل کاروں اور ان کی فیملیز کی فلاح و بہود کے لیے بھی پہلے سے زیادہ فنڈز رکھے گئے ہیں۔