ہالی وڈ کی معروف اداکارہ انجلینا جولی شام سے نقل مکانی کرکے آنے والے ہزاروں مہاجرین سے ملاقات کے لیے ترکی روانہ ہورہی ہیں۔
توقع ہے کہ انجلینا جولی ،اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کی خیر سگالی کی سفیر بھی ہیں، جمعہ کو ترکی کے صوبہ ہاتے پہنچیں گی۔
شام میں جاری حکومت مخالف مظاہروں اور حکومت کی طرف سے کیے جانے والے کریک ڈاؤن کی وجہ سے ساڑھے نو ہزار سے زائد شامی باشندے سرحد عبور کرکے ترکی پہنچے ہیں جہاں وہ ترکی کی طرف سے قائم کی گئی خیمہ بستیوں میں مقیم ہیں۔
انجلینا جولی اس سے قبل رواں سال اپریل میں تیونس کا دورہ بھی کرچکی ہیں جہاں لیبیا میں جاری لڑائی کے باعث ہزاروں لیبیائی باشندے پناہ لینے پر مجبور ہوگئے تھے۔