مفت موبائل کلینکس کے قیام کے لیے امریکی مسلم تنظیموں میں پارٹنرشپ

فائل

ڈاکٹروں کی تنظیم (اپنا) کے صدر، ڈاکٹر ساجد چوہدری کے بقول، ’’مفت طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے یہ منصوبہ گزشتہ برس شروع کیا گیا تھا۔ یہ ’اپنا‘ اور ’اکنا‘ کا مشترکہ منصوبہ ہے‘‘

امریکہ میں غریب اور ضرورتمند مریضوں کو جدید علاج کی مفت سہولتوں کی فراہمی کے لئے پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم (اپنا) اور اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ (اکنا) نے شراکت داری کا معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت ابتدائی طور پر چار موبائل کلنکس قائم کردئے گئے ہیں۔

امریکی شہریوں کو مفت طبی سہولتوں کی فراہمی کا یہ معاہدہ گزشتہ دنوں بالٹی مور میں منعقدہ سالانہ تین روزہ کنونشن میں کیا گیا۔ لاکھوں ڈالر کے اس منصوبے کےلئے تمام سہولتوں سے مزین چار جدید ترین موبائل کلنکس پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم اپنا نے فراہم کی ہے، جو دورداز کے دیہی علاقوں میں مفت طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے استعمال کی جائے گی؛ جبکہ ان کلنکس میں ڈاکٹر بھی رضاکارانہ بنیاد پر ’اپنا‘ ہی فراہم کرے گی۔

اپنا کے صدر، ڈاکٹر ساجد چوہدری کے بقول، ’’مفت طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے یہ منصوبہ گزشتہ برس شروع کیا گیا تھا۔ یہ اپنا اور اکنا کا مشترکہ منصوبہ ہے جس میں اپنا ڈاکٹر فراہم کرے گی، جبکہ اکنا دیگر سہولتیں فراہم کرے گی‘‘ ۔

اکنا کے نائب صدر، ڈاکٹر محسن انصاری نے اس موقع پر اپنا کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ چار میں سے یہ پہلا وین ہے جس میں تمام سہولتیں موجود ہیں۔ یہ قدرتی آفات اور دیگر میں ہنگامی صورتحال میں بھی لوگوں کو طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے استعمال کی جائیں گی۔

میڈیکل وین کی افتتاحی تقریب میں دنیا بھر میں فلاحی کام کرنے والے مسلم اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے، جنھوں نے اپنا اور اکنا کے اس منصوبے کی بھرپور تائید کی۔

بعد میں ربن کاٹ کر میڈیکل وین کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت میں اکنا ریلیف کے سربراہ مقصود احمد نے کہا کہ ہم معاشرتی رویوں کی شکایت کی بجائے اپنے حصے کے کام کا آغاز کررہے ہیں۔

بقول مقصود احمد ’’گرچہ مسلمانوں کے خلاف بہت سے مسائل ہیں، لیکن ہم نے اس موقع پر فیصلہ کیا کہ شکایات کرنے اور اپنی پوزیشن واضح کرنے کی بجائے ہمیں اپنا کام کرنا چاہئے۔ ہمارا یہ کام خود بتائے گا کہ ہم کیا کرتے ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ ’’یہ کام امریکہ کو ہمارے بچوں کے رہنے کے لئے بہتر جگہ بنانے میں مدد دے گا۔ یہ بات کرنے کی بجائے کہ میڈیا ہمارے بارے میں کیا کہہ رہا ہے، ہم نے اپنے منصوبوں پر کام شروع کر دیا ہے۔ ہم قدرتی آفات میں مدد کو پہنچتے ہیں۔ ہم فوڈ پنٹریز چلا رہے ہیں خواتین کو شیلڑ فراہم کر رہے ہیں۔ اکنا ریلیف پہلے ہی سات مفت کلنک چلارہی ہےجس میں مزید چار کا اضافہ ہوجائے گا‘‘۔

مقصود احمد نے کہا کہ ’’ہم اپنے کام سے بتا رہے ہیں کہ مسلمان یہاں خدمت کے لئے ہیں۔ مسلم کمیونٹی دوسرے درجے کے شہری نہیں۔ ہم اپنے اس ملک کو اپنا وطن سمجھتے ہیں۔ ہم ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے، تاکہ اپنے ہم وطنوں کی مزید خدمت کرسکیں‘‘۔

پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم، اپنا امریکہ کی تیسری بڑی پیشہ ور تنظیم ہے جو امریکی عوام کو طب کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔ جبکہ مسلمانوں کی تنظیم اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ کے ماتحت ادارے اکنا ریلیف ملکی سطح پر سماجی خدمات میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔