امریکہ میں رہائش پزیر پاکستانی ڈاکٹروں نے دہشت گردی میں ملوث داعش کے گروہ کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی، جس کا مقصد فرانس میں ہونے والی دہشت گردی کے نتیجے میں ہلاک و زخمی ہونے والوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔
ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھائے، واشنگٹن میں اتوار کی شام بڑی تعداد میں پاکستانی نژاد ڈاکٹروں نے فرانس میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں شمعیں روشن کیں اور داعش کی دہشت گردی کے خلاف نعرے بلند کیے
اس احتجاجی مظاہرے کی اپیل ڈاکٹروں کی تنظیم، ایسوسی ایشن آف پاکستانی امریکن فزیشنز ( اپنا) کی مقامی شاخ نے کی تھی۔
اپنا کے ایک مقامی رہنما، ڈاکٹر طارق شہاب نے اس موقع پر وائس آف امریکہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم دنیا پر یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ دہشت گردوں کا مسلمانوں سے کوئی واسطہ نہیں۔ اسلام ایک پرامن مذہب ہے اور مسلمان کسی بھی قسم کی دہشت گردی کی حمایت نہیں کرتے‘۔
مظاہرے کے شرکا ڈوپونٹ سرکل پر کچھ دیر نعرے لگاتے رہے، اور انھوں نے پیرس میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں شمعیں روشن کیں۔
دریں اثنا، اسی طرح کا ایک مظاہرہ نیویارک کے ٹائم اسکوائر پر کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں پاکستانی نوجوانوں نے شرکت کی۔
مظاہرین داعش کو یہ پیغام دینا چاہ رہے تھے کہ مسلمانوں کے نام پر دہشت گردی بند کی جائے۔ اس موقع پر نوجوانوں نے واضح کیا کہ وہ عوامی سطح کے ساتھ ساتھ سماجی میڈیا پر بھی اپنی مہم جاری رکھیں گے۔