تین ملکی سیریز میں فنچ کی ریکارڈ ساز اننگز کے باعث آسٹریلیا نے زمبابوے کو باآسانی100 رنز سے شکست دے دی۔ آسٹریلوی کپتان نے 172 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔
ہرارے سیریز کے تیسرے میچ میں آرون فنچ اور ڈی آرسی شارٹ نے 223 رنز کا برق رفتار آغاز فراہم کیا جو ٹی20 میچز میں کسی بھی وکٹ کے لئے سب سے بڑا اسکور ہے، اس سے قبل نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل اور کین ولیم سن نے جنوری 2016ء میں پاکستان کے دورہ نیوزی لینڈ کے دوران ہملٹن میں 171 رنز بنائے تھے۔
فنچ نے صرف 76 گیندیں کھیل کر 10 چھکوں اور 16 چوکوں کی مدد سے 172رنز بنائے اور ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں کسی بھی بیٹسمین کے سب سے بڑے انفرادی اسکور کا اپنا ہی ریکارڈ بہتر بنایا۔ اس سے پہلے فنچ نے اگست 2013ء میںانگلینڈ کے خلاف ساؤتھمپٹن میں 63 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 156 رنز بنائے تھے۔
آسٹریلیا کی پہلی وکٹ شارٹ کی گری، وہ 46رنز بناکر پویلین لوٹے، دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین فنچ تھے، یوں مقررہ 20 اوورز میں آسٹریلیا نے دو وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنائے۔
ٹی20 میچوں میں کسی بھی ٹیم کے سب سے بڑے اسکور کا ریکارڈ بھی آسٹریلیا کے پاس ہے، ستمبر2016ء میں پالے کیلے میں دورہ سری لنکا کے دوران آسٹریلیا نے 3 وکٹوں کو نقصان پر 263 رنز بنائے تھے۔
مشکل ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کے اوپنرز چبھابھا اور میرے نے 42 رنز کا آغاز اچھا دیا۔ لیکن، چبھابھا کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی بیٹسمین وکٹ پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکا اور ایک کے بعد ایک وکٹ گرنے سے زمبابوے کی ٹیم کسی بھی موقع پر میچ میں واپس نہ آسکی اور 9 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بناسکی۔ یوں آسٹریلیا نے میچ 100 رنز سے اپنے نام کرلیا۔
زمبابوے کی جانب سے میرے نے سب سے زیادہ 28 رنز بنائے۔
آسٹریلوی کپتان آرون فنچ کو ریکارڈ ساز اننگز پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
آسٹریلیا کے اینڈریو ٹائے نے تین، ایشٹن اگر نے دو جبکہ اسٹین لیک، رچرڈسن، میکسویل اور اسٹوئنس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
مسلسل دو میچز جیتنے کے بعد پوائٹس ٹیبل پر آسٹریلیا کی پہلی پوزیشن ہے جبکہ پاکستان دوسرے اور زمبابوے تیسرے نمبر پر ہے۔
سیریز کا چوتھا میچ بدھ کو پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جائے گا۔