چیمپئنز ٹرافی میں گروپ اے کے ایک میچ آسٹریلیا نے انگلینڈ کو جیت کے لئے 278 رنز کا ہدف دیا ہے۔
ٹریویس ہیڈ نے 73 رنز کی اننگز کھیلی، ووڈ اور عادل رشید نے چار، چار وکٹیں لیں۔
اس میچ میں جیت کی صورت میں آسٹریلیا سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لے گا جبکہ انگلینڈ پہلے ہی سیمی فائنل میں جگہ بنا چکا ہے۔
ایجبسٹن، برمنگھم میں کھیلے جارہے اہم میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلوی اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور آرون فنچ نے سات اوورز میں 40 رنز بنا کر اچھا آغاز فراہم کیا۔ وارنر21 رنز بناکر ووڈ کی گیند پر وکٹ کیپر بٹلر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
کپتان اسٹیو اسمتھ نے فنچ کے ساتھ مل کر اننگز آگے بڑھائی اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 96 رنز بناکر ٹیم کا اسکور 136 رنز تک پہنچا دیا ،فنچ تیزرفتار 68 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔
نئے آنے والے بیٹسمین ہنرکس زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 17 رنز بناکر عادل رشید کی گیند پر پلنکیٹ کو کیچ دے بیٹھے۔ استمھ 56 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ایک روزہ میچوں میں اسمتھ کی یہ 17 ویں نصف سنچری ہے۔
ٹریویس ہیڈ اور گلین میکسویل نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 64 رنز جوڑے۔ میکسویل اپنے مزاج کے برخلاف نسبتاً سست رفتار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 31 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 20 رنزبنائے۔
ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم ایک بڑے اسکور کی جانب جا رہی ہے لیکن میکسویل کے آؤٹ ہونے کے بعد یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے سے ٹیم دباؤ کا شکار ہو گئی۔
میتھیوویڈ 2،مچل اسٹارک صفر اورپیٹ کومنز 4 اور زامپا بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے۔
239 کے اسکور پر آسٹریلیا کے صرف چار کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے لیکن باقی 5 وکٹیں اسکور میں صرف 38 رنز کے اضافے پر گریں۔ یوں آسٹریلوی ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر277 رنز بنا سکی۔ ٹریویس ہیڈ نے ناقابل شکست 73 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی طرف سے مارک ووڈ اور عادل رشید نے 4،4 اور اسٹوکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔