پاکستان نے روایتی حریف بھارت کے خلاف اتوار کو کھیلے جانے والے میچ کیلئے 12رکنی ٹیم کا اعلان کردیا۔فہیم اشرف ممکنہ طور پر ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔
لیفٹ آرم فاسٹ بولر جنید خان، مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل اور فخرزمان ٹیم میں شامل نہیں۔
ایجبسٹن میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان ٹیم کے ہیڈکوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ 12رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے، فائنل الیون کا فیصلہ میچ سے قبل وکٹ دیکھ کر کیا جائے گا۔
12رکنی اسکواڈ میں سرفراز احمد، اظہرعلی، احمد شہزاد، بابر اعظم، شعیب ملک، محمدحفیظ، شاداب خان، فہیم اشریف، حسن علی، عمادوسمی، محمد عامر اور وہاب ریاض شامل ہیں۔
حتمی ٹیم کیلئے فہیم اشرف اور شاداب خان کے درمیان مقابلہ ہے۔ فہیم اشرف ممکنہ طور پر بھارت کے خلاف اتوار کو کھیلے جانے والے میچ میں ڈیبیو کریں گے۔
مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ گرین شرٹش نے بھارتی ٹیم کے خلاف حکمت عملی تیار کرلی ہے۔
اس موقع پر کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہم آئی سی سی رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر ہیں۔ ہم سے زیادہ پریشر بھارتی ٹیم پر ہوگا۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آن پیپر کون سی ٹیم مضبوط ہے۔ جو ٹیم میچ کے دن پرفارم کرے گی وہی جیت کی حق دار ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ وہاب ریاض تجربہ کار اسٹرائیک بولر ہے اس لیے اسے جنید خان پر ترجیح دی گئی ہے۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ لوگ ہمیں جدید کرکٹ کھیلتے ہوئے دیکھیں گے۔ نوجوان کھلاڑی کو بتا دیا ہے کہ صرف اپنے کھیل پر توجہ دیں اور بھارت کے خلاف میچ کو ایک عام میچ کے طور پر لیں۔
دوسری جانب بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کی پرفارمنس مخالف ٹیم کو کسی بھی وقت حیران کرسکتی ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کا اہم ترین میچ اتوار کو پاکستان اور بھارت کے درمیان ایجبسٹن میں کھیلا جائے گا۔ کرکٹ ماہرین اس میچ کو ایونٹ کا سب سے بڑا میچ قرار دے رہے ہیں۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان اب تک 127 ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلے جاچکے ہیں، جن میں پاکستان نے 72 میچوں میں کامیابی حاصل کی، 51 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ چار میچ بغیر نتیجے کے ختم ہوئے۔