لیفٹ آرم فاسٹ بولر رومان رئیس کو اَن فٹ وہاب ریاض کی جگہ پاکستان کے چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نے اس تبدیلی کی تصدیق کر دی ہے۔
وہاب ریاض بھارت کے خلاف پہلے گروپ میچ میں بولنگ کے دوران ٹخنے کی تکلیف کا شکار ہو کر اپنا اوور مکمل کئے بغیر گراؤنڈ سے باہر چلے تھے۔
ڈاکٹرز نے انہیں دو ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے، جس کے بعد انہیں واپس لاہور بھیجا جا رہا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف اہم ترین میچ میں وہاب ریاض سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے۔
انہوں نے 8 اعشاریہ 4 اوورز میں 10اعشاریہ 03 کی اوسط سے 87رنز دیئے جو چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ میں کسی بھی بولر کا پانچ یا اس سے زائد اوورز میں سب سے زیادہ اوسط ہے۔
لاہور میں پی سی بی کا اجلاس
پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس منگل کو لاہور میں ہوا جس میں وہاب ریاض کے متبادل کھلاڑی کیلئے رومان رئیس اور حال ہی میں ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنے والے محمد عباس کے ناموں پر غور کیا گیا۔
تاہم، میچ کے آخری اوورز میں عمدہ بولنگ کی صلاحیت اور محدود اوورز کی کرکٹ میں نسبتاً بہتر اسٹرائیک ریٹ کی بنیاد پر رومان رئیس کو ترجیح دی گئی۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے رومان رئیس حالیہ پاکستان سپرلیگ میں تیسرے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر تھے۔
انہوں نے ستمبر 2016ء میں ابوظہبی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔